واپڈا کی نجکاری کے لیے حکمرانوں کی جانب سے ملازمین سے انتقامی کاروایوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے،خالد چانڈیو

بدھ 15 فروری 2017 20:52

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کے رہنما خالد چانڈیو اور عبداللہ سومرو نے لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیپکو انتظامیہ کی جانب سے مورو کے 50 جبکہ لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے کئی ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف، جبری رٹائرڈ اور مختلف سزائیں دی ہیں جس عمل کے خلاف آج تمام ملازمین سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ واپڈا کی نجکاری کے لیے حکمرانوں کی جانب سے ملازمین سے انتقامی کاروایوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اس ضمن میں سال 2008 سے لے کر اب تک کے انکوائریز اوپن کرکے ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے 130 ملازمین ڈیوٹی کے دوران جان بحق ہوئے جنہیں سیپکو انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی ساز و سامان کی فراہمی نہیں کی گئی ہے جبکہ گاڑیوں سمیت دیگر سہولیات کے فقدان کے باعث ملازمین خود کو خطرے میں ڈال کر ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے خلاف کاروائیاں کی جارہی ہے جس عمل کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے خلاف جاری کاروائیاں بند کرکے ملازمین کو جدید ساز و سامان فراہم کیے جائیں تاکہ ہم بہتر طریقے سے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے سکیں۔

متعلقہ عنوان :