پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں، وزیراعظم

بدھ 15 فروری 2017 14:50

پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں، وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے چیئرمین واپڈا کو ہائیڈل پاور منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔ بدھ کو چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چیئرمین واپڈا کو ہائیڈرو پاور منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔

چیئرمین واپڈا مزمل حسین کی طرف سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ نیلم جہلم بجلی منصوبے کا افتتاح رواں سال 28فروری کو ہوگا ۔منصوبے کی بائیں رابطہ ٹنل گزشتہ سال اکتوبر میں مکمل ہوگئی تھی۔ منصوبے کی دائیں ٹنل رواں سال اپریل میں مکمل کرلی جائے گی۔

(جاری ہے)

منصوبہ آئندہ سال فروری میں بجلی پیدا کرنا شروع کردے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیلم جہلم بجلی منصوبے سے ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی آمدن ہوگی۔

نیلم جہلم منصوبے کا دوسرا یونٹ آئندہ سال مارچ میں فعال ہوجائے گا۔ منصوبے کے تیسرے ‘چوتھے یونٹ آئندہ سال اپریل میں کام شروع کریں گے۔ کچھی کینال منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ منصوبے سے ڈیڑہ بگٹی میں 72ہزار ایکڑ زرعی اراضی سیراب ہوگی۔ منصوبہ رواں سال اگست میں مکمل کرلیا جائے گا۔ داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے لئے اراضی کا حصول رواں سال مئی میں مکمل ہوجائے گا۔

داسو ہائیڈرو پاور منصوبے سے دو ہزار 160 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ وزیراعظم رواں سال جون میں ہائیڈل پاور منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ داسو ہائیڈرو پاور منصوبے پر چار سو تیس کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ گولن گول ہائیڈرو منصوبہ چترال کی ضروریات سے تین گنا زیادہ بجلی پیدا کرے گا۔ منصوبہ گولن گول میں واقع دریا پر لگایا جائے گا۔ منصوبے سے ایک سو آٹھ میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی گولن گول ہائیڈرو منصوبہ 24 ارب روپے کی لاگت سے رواں سال دسمبر میں مکمل ہوگا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ تربیلا فور توسیعی منصوبے سے اضافی بجلی پیدا ہوگی منصوبہ تین ہزار چار سو اٹہتر میگا واٹ کے مقابلے میں چار ہزار آٹھ سو اٹھاسی میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا۔ توسیعی منصوبے کا پہلا یونٹ رواں سال دسمبر میں کام شروع کرے گا۔ منصوبے کا دوسرا اور تیسرا یونٹ آئندہ سال کے وسط میں کام شروع کرے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے چیئرمین واپڈا کی کارکردگی کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :