حکومت نے موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈینگی وائرس کی مؤثر روک تھام کیلئے حفاظتی انتظامات کی ہدایت کر دی

بدھ 15 فروری 2017 14:25

حکومت نے موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈینگی وائرس کی مؤثر روک تھام کیلئے ..
فیصل آباد۔15 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) حکومت پنجاب نے موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈینگی وائرس کی مؤثر روک تھام کیلئے وسیع تر حفاظتی ، انسدادی ، تدارکی انتظامات کی ہدایت کر دی ہے اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ،چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز ،ضلع کونسلز ، میونسپل کارپوریشنز ، میونسپل کمیٹیز و دیگر متعلقہ حکام سے کہاہے کہ وہ ڈینگی وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے مؤثر ، مربوط ، کارگر حکمت عملی کے تحت ایکشن پلان ترتیب دے کر اس پر فوری عملدرآمد کاآغاز کریں تاکہ ڈینگی سے بچائو ممکن ہو سکے نیز ڈینگی مچھر کے لاروے کی نشاندہی سے متعلق شکایات اور اس کے خاتمہ کیلئے تمام محکموں میں ڈینگی سیل قائم کرنے کا بھی حکم دیاگیاہے جس کی نگرانی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے مختلف افسران کریں گے جبکہ انسداد ڈینگی مہم بارے ہفتہ وار میٹنگز منعقد کی جائیں گی اور یکشن پلان میں محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں ،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واسا، ماحولیات، تعلیم، زراعت، لیبر، فشریز، لائیوسٹاک، خوراک، ٹرانسپورٹ،سول ڈیفنس، کالجز،کمیونٹی آرگنائزیشن،سوشل ویلفیئر،سپیشل ایجوکیشن،کوآپریٹو سوسائٹیز، لوکل گورنمنٹ، فنانس ،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ودیگر محکموں کو بھی شامل کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ذرائع نے بتایاکہ تمام متعلقہ محکموں سے کہاگیاہے کہ وہ فوگنگ سپرے،لاروا کی پیدائش وافزائش کے مقامات کا سروے، ڈینگی وارڈ کا قیام،محکمہ صحت کے عملہ کی ٹریننگ،مشینری کو چالو ، فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھنے اور باہمی رابطہ کویقینی بنائیں۔انہوںنے کہاکہ ٹائروں کی دکانوں ومارکیٹوں پر قانون کے تحت سخت عملدرآمد اور ان کا باقاعدہ سروے کرکے ان کی تلفی،کوڑاکرکٹ کی مناسب صفائی، سروس اسٹیشنز، پٹرول پمپس،سی این جی اسٹیشنز اور کھانے پینے کے مقامات کی نگرانی،عوامی آگہی مہم، آگہی پمفلٹس اورہینڈ بلزکی تقسیم،ٹائروں کا کاروبار کرنے والوں کو لائسنس دیتے ہوئے مکمل چھان بین،کھلے مقامات سے گندگی کے ڈھیروںکو اٹھانے،بارش کے موسم میں مناسب انتظامات، آلودہ پانی کی ڈی واٹرنگ، سیوریج سسٹم کی بہتر حالت، فیکٹریز کی نگرانی،سکولوں کے بچوں کو انسداد ڈینگی مہم میں شامل کرنے، اساتذہ کی ٹریننگ اور سیمینارزکے انعقاد کابھی حکم دیاگیاہے۔

انہوںنے بتایاکہ ایکشن پلان کے مطابق مچھروں کی افزائش کے مقامات کا سروے،کاشتکاروں میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے آگہی مہم شروع کرنے، ورکرز ویلفیئر سکولز اور ملازمین میں شعوراجاگر کرنے،ڈینگی لاروا کے خاتمہ کیلئے تالابوں میں مچھلیوں کیلئے پانی کے معیار اور مقدار کی موجودگی،فش فارمرز کی رہنمائی، ویٹرنری ڈسپنسریز، ہسپتالوں کے معائنے، فلورملز اور پی آرسنٹر کی چیکنگ،بس ویگن اڈوںپرمسافروں کے لئے انسداد ڈینگی سے متعلق وسیع آگہی، کالجز میں آگہی پروگرامز، لیکچرارزاور سٹاف کی ٹریننگ،یونین کونسلز میں عوامی آگہی مہم،این جی اوز کو متحرک،کوآپریٹو سوسائٹیز میں عوامی آگہی پوسٹرز، فلیکس، سائن بورڈ کی تنصیب اور ہینڈ بلز کی تقسیم کوبھی یقینی بنانے کا حکم دیاگیاہے ۔

انہوںنے بتایاکہ تمام حکام پر واضح کیاگیاہے کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت ، کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :