برطانیہ کا سب سے بڑا اور دنیا کا تیسرا بڑا ریٹیل کا کاروبار کرنے والا ادارہ ٹیسکو پاکستان میں الفا سپر مارکیٹس کے اشتراک سے ملک میںفوڈ اور نان فوڈ مصنوعات کا کاروبار شروع کرے گا

بدھ 15 فروری 2017 11:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) برطانیہ کا سب سے بڑا جبکہ دنیا کا تیسرا بڑا ریٹیل کا کاروبار کرنے والا ادارہ ٹیسکو پاکستان میں الفا سپر مارکیٹس کے اشتراک سے ملک میںفوڈ اور نان فوڈ مصنوعات کا کاروبار شروع کرے گا۔ اس حوالے سے الفا سپر مارکیٹس نے پاکستان کے مختلف شہروں میں 50 سے زائد سٹور کھولنے کی منصوبہ بندی کی ہے اور کمپنی آئندہ تین سال کے دوران سپر مارکیٹس کھولے گی۔

(جاری ہے)

ٹیسکو نے الفا سپر مارکیٹس کراچی میں پہلے ہی دو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ آئندہ چند ماہ کے دوران سرمایہ کاری کے حجم میں دوگنا اضافہ ہو جائے گا۔ الفا سپر مارکیٹس کے حکام نے کہا ہے کہ برطانوی کمپنی کے تعاون سے ملک بھر میں غذائی اورغیر غذائی مصنوعات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ لائم سٹون پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین ندیم حسین نے کہا ہے کہ آئندہ تین سال کے دوران لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں پچاس سے زائد سٹور کھولے جائیں گے۔