پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اینٹی کرپشن کو ڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی پر دو کھلاڑیوں کی معطلی کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے برطانیہ میں شک کی بنیاد پر دو افراد کو گرفتار کرنے کے بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا

منگل 14 فروری 2017 22:50

لاہور۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اینٹی کرپشن کو ڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی پر دو کھلاڑیوں کی معطلی کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے برطانیہ میں شک کی بنیاد پر دو افراد کو گرفتار کیئے جانے کے بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ لندن کی نیشنل کرائم ایجنسی نے گرفتار افراد کے نام ظاہر کیے بغیر کہا ہے کہ 'بین الاقوامی سطح پر کرکٹ میچ کی فکسنگ کے حوالے سے جاری تحقیقات کے طور' دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کو اپریل میں اگلی سماعت تک پولیس کی ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گرفتاری کی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل میں کرپشن میں ملوث ہونے کے شبہے میں تحقیقات کے لیے تین کھلاڑیوں شرجیل خان، خالد لطیف اور ناصر جمشید کو کرکٹ سے عبوری طور پر معطل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں گرفتار ہونے والے افراد میں گزشتہ روز کرکٹ سے معطل ہونے والے بلے باز ناصر جمشید اور یوسف نامی شامل ہیں۔نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ 'حالیہ تحقیقات کیس میں ہم پی سی بی اور آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ مل کرکام کررہے ہیں'.بیان میں کہا گیا ہے کہ'پی سی بی نے اپنے طورپر تفتیش شروع کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں تین کھلاڑیوں کو معطل کیا گیا ہی'۔

خیال رہے کہ پی سی بی نے انگلینڈ میں مقیم ناصر جمشید کو انسداد کرپشن کے قواعد کی خلاف ورزی پر کرکٹ سے عبوری طور پرمعطل کردیا تھا لیکن وہ پی ایس ایل کا حصہ نہیں ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سنا ہے کہ ناصر جمشید کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور نیشنل کرائم ایجنسی نے آزادانہ طور پر کارروائی کی۔انہوں نے کہا کہ ہم ناصر جمشید کو پہلے ہی معطل کر چکے ہیں اور شواہد سامنے آئے تو ان کے خلاف مزید کارروائی کریں گے۔

پی ایس ایل سے معطل ہونے والے دوکھلاڑیوں میں دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف شامل ہیں ۔پی سی بی ان کو شوکاز نوٹس جاری کرچکا ہے ۔پی سی بی واضح کرچکا ہے کہ اس سلسلے میں کراچی کنگز کے شازیب حسن اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذوالفقار بابر سے بھی پوچھ گچھ کی گئی اور انھیں کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔محمد عرفان کے ساتھ پوچھ گوچھ کی جارہی ہے ۔

ترجمان نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ پی سی بی اورآئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹس سے مل کرتحقیقات کررہے ہیں۔این سی اے ذرائع کے مطابق انٹرویو کے دوران ناصر جمشید کی جانب سے ان کا وکیل پیش ہوا، ناصرجمشید نے ہر مرحلے پر تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔این سی اے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ناصرجمشید کوضمانت پر رہائی دی گئی تاہم تحقیقات جاری ہے،ان پرباضابطہ الزام عائد نہیں کیا گیا۔نیشنل کرائم ایجنسی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ناصرجمشید کے وکیل اور برطانوی دوست کی یقین دہانی پرضمانت ہوئی، تحقیقات مکمل ہونے اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ہی پولیس الزام عائد کرتی ہے ۔