پیمرا نے ڈاکٹر شاہد مسعود اور ان کے پروگرام کو 30 دن کیلئے معطل کر دیا، بول ٹی وی کو 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد

منگل 14 فروری 2017 19:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ڈاکٹر شاہد مسعود کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ‘پاک فوج کے خلاف بغیر کسی ثبوت کے بے بنیاد الزامات لگانے پر بول ٹی وی پر انکے پروگرام لائیو ود ڈاکٹر شاہد مسعود 30یوم کے لئے معطل کر تے ہوئے ٹی وی چینل کو 10لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے ۔

پیمرا نے یہ نوٹس کونسل آف کمپلینٹس سندھ کی سفارش پر لیا ہے ۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے وکیل منور اقبال کے ذریعے پیمرا میں شکایت درج کرائی تھی کہ 24جنوری کو آن ایئر ہونے والے پروگرام میں ناشائستہ زبان کا استعمال اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے جس کا مقصد ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا ۔

(جاری ہے)

شکایت میں مزید کہا گیا کہ پروگرام میں وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور خواجہ سعد رفیق کی راولپنڈی میں اعلی فوجی حکام سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے من گھڑت اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے ۔

ان الزامات پر پیمرا کمپلینٹ کونسل سندھ نے لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کو دو فروری اور دس فروری کو ذاتی سماعت کے لئے دو مواقعے دیئے لیکن ٹی وی چینل اور پروگرام کے میزبان الزامات کے حوالے سے کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیے جاسکے۔مذکورہ چینل پر چلائے جانے والے پروگرام کے مندرجات جھوٹی کہانیوں کے ذریعے ناظرین کو گمراہ کرنے کی ایک دانستہ کوشش تھی جو نا صرف ایک انتہائی حساس معاملے بلکہ ایسے وقت میں سول فوج تعلقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے جب ملک کی مسلح افواج دہشت گردوں کے خلاف ایک فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہے ‘اور ایسے وقت میں ہمیں اتحاد کے ذریعے انکی مدد کرنے کی ضرورت ہے نا کہ حساس معاملے پر ریاستی اداروں کے درمیان اختلافات کی جھوٹی کہانیاں پیش کیں جائیں ۔

پیمرا کے سرکاری ریکارڈ میں اس امر کی تصدیق ہوتی ہے کہ شاہد مسعود نے پیمرا کے ضابطہ اخلاق کی بارہاں اور دانستہ خلاف ورزیاں کیں جس نے ماضی میں بھی افراد اور ریاستی اداروں کے خلاف اپنے غیر زمہ دارانہ ‘جھوٹے اور ناشائستہ کمٹنس کے ذریعے سنسی خیزی کو فروغ دینے کی کوشش ہے ۔پیمرا کے اس فیصلے کے سلسلے میں ایئر ویوو پرائیویٹ لمیٹڈ (نیوز ون)کی انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا کیونکہ بظاہر شاہد مسعود نے نیوزون میں شمولیت اختیار کر لی ہے ۔بول نیوز یا نیوز ون کی کسی بھی خلاف ورزی پر پیمرا لائسنس ہولڈر کے خلاف کارروائی کریگا۔

متعلقہ عنوان :