برصغیر کے عظیم رہنما سردار عبد الرب نشتر کو ہم سے بچھڑے انسٹھ برس بیت گئے

قرار داد مقاصد کی منظوری سمیت تحریک پاکستان کو پروان چڑھانے میں سردار عبدالرب نشتر کا اہم کردار رہا

منگل 14 فروری 2017 11:24

برصغیر کے عظیم رہنما سردار عبد الرب نشتر کو ہم سے بچھڑے انسٹھ برس بیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 فروری2017ء) برصغیر کے عظیم رہنما سردار عبد الرب نشتر کو ہم سے بچھڑے انسٹھ برس بیت گئے ۔ تحریک پاکستان کے عظیم رہنما، مسلمانوں میں علم و ادب کے فروغ کا ذریعہ اور قائد اعظم کے انتہائی با اعتماد ساتھیوں میں سے ایک سردار عبدالرب نشترنے تیرہ جون 1899 کو پشاور کے ایک کاکڑ خاندان میں آنکھ کھولی۔

1918 میں مشن ہائی اسکول سے میٹرک کا امتحان پاس کیا اور ایڈورڈ کالج سے گریجویشن کیا۔ 1925 میں علی گڑھ یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ 1928 میں انڈین نیشنل کانگریس کے رکن کی حیثیت سے عملی سیاست میں قدم رکھا لیکن کانگریس کی دوغلی پالیسیوں سے متنفر ہو کر 1932 میں آل انڈین مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔ مسلمانوں کو ہندو بنانے کی شدھی اور سنگھٹن تحریکوں کے مقابلے کا سہرا بھی سردار عبدالرب نشتر کے سر جاتا ہے جنہوں نے ادارہ تبلیغ بنا کر مسلمانوں کو بھٹکنے سے بچایا۔

(جاری ہے)

قیام پاکستان کے بعد سردارعبدالرب نشتر پہلی کابینہ میں وزیر مواصلات بنے۔ قرار داد مقاصد کی منظوری میں بھی سردار عبدالرب نشتر کا اہم کردار رہا۔ 2 اگست 1949 سے 24 نومبر1951ء تک گورنر پنجاب کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ انکی سیاست پاکیزہ، بے لوث اور بندگان خدا کی خدمت کے جذبے سے مامور تھی۔ 14فروری 1958 کی صبح تحریک آزادی کے اس بے لوث کارکن اور قائد اعظم کے دیرینہ رفیق نے کراچی میں دنیا سے منہ موڑ لیا۔