حکومت سینیٹ کے وفد کو ویز ہ نہ دینے پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرے ‘ مولانا عبدالغفور حیدری

امریکی کردار نے ثابت کیا ان کے ہاں جمہوریت نام کی نہیں ،ٹرمپ امریکہ کیلئے روس کے گورپاجوف ثابت ہونگے‘ میڈیا سے گفتگو ، خطاب امریکی پالیسیاں تعصب پر مبنی ،انتہاء پسندی واضح ہو گی ہے‘ لیاقت بلوچ ، مولانا محمد امجد خان ، قاری زوار بہادر،مولانا اللہ وسایا و دیگر کا خطاب

پیر 13 فروری 2017 16:39

حکومت سینیٹ کے وفد کو ویز ہ نہ دینے پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2017ء) سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور جے یو آئی کے سیکرٹر ی جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے کہاہے کہ سینیٹ کے وفد کو ویز ہ نہ دینے پر حکومت امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرے ، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے قوم کی توقعات کے مطابق ایکشن لیا ہے ۔وہ جے یو آئی لاہور کے نائب امیر مولانا قاری نذیر احمد مر حوم کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو اور تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

مولانا حیدری نے کہاکہ امریکی کردار نے ثابت کیا ہے کہ ان کے ہاں جمہوریت نام کی نہیں ہے ۔وقت ثابت کرے گا کہ ٹرمپ امریکہ کے لیے روس کے گورپاجوف ثابت ہوں گے ۔مدنی مسجد الحمد کالونی میں سمینار سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ ،مولانا محمد امجد خان ، قاری زوار بہادر،مولانا اللہ وسایا ،علامہ زبیر احمد ظہیر،مولانا عبد الرؤف فاروقی ،مولانا سیف الدین سیف ، مولانا محب النبی ،مولانا قاری معاویہ محمود ،حافظ اشرف گجر اور دیگر نے کہاکہ سینٹ کے ڈپٹی چیئر مین مولا نا عبد الغفور حیدری کو ویز ہ نہ دے کر امریکہ نے ثابت کیا ہے کہ اس کی پالیسیاں تعصب پر مبنی ہے اور اس سے امریکہ کی انتہاء پسندی واضح ہو گی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکہ کے صدر کے کردار نے ثابت کیا ہے کہ وہ مزید مسلم دشمن پالیسیاں لارہے رہیں مقررین قاری نذیر احمد کی جماعتی ملی اور دینی خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ مر حوم اتحاد امت کے داعی تھے اور جمعیت کے پیغام کو حقیقت میں پھیلانے والے تھے ۔سمینار سے مولانا یوسف احرار ،مولانا محبوب الحسن ،صاحبزادہ حافظ طیب مدنی ،حافظ غضنفر عزیز،حافظ نصیر احمد احرار ،مولانا عبد الودود اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

جماعت اسلامی کے راہنماء لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کو سیکولر ریاست بنانے کی سازشوں کا مقابلہ کر نے کے لیئے دینی جماعتیں ہر محاذ پر متحد ہیں انہوں نے کہاکہ قوم کسی بیرونی ایجنڈے کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دے گی ۔جے یو آئی کے راہنما مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ امریکہ میں چہرہ بدلنے سے پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں آیا انہوں نے کہاکہ حکومت ایوان بالا کی توہین کا سخت نوٹس لے اور امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا جا ئے انہوں نے کہاکہ جے یو آئی پوری امت کی تر جمان ہے جمعیت پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر سیکولر لابیوں اوراین جی اوز کا مقابلہ کر رہی ہے ۔

جے یو پی کے راہنماء قاری زوار بہادر نے کہاکہ دینی جماعتوں میں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ دین اسلام کو مٹانے والے خود مٹ جائیں گے ۔عالمی مجلس ختم نبوت کے راہنما مولانا اللہ وسایا نے کہاکہ توہین رسالت کے قانون نے خلاف مہم ایک بار پھر چلائی جا رہی لیکن ایسی مہم کا مقابلہ کر نے کے لیئے قوم تیار ہے ۔مر کزی جمعیت اہل حدیث کے راہنما علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہاکہ نظام مصطفی اس ملک کا مقدر کا ہے کوئی طاقت اس کا راستہ نہیں روک سکتی ہے ۔جے یو آئی س کے راہنما مولانا عبد الرئوف فاروقی نے کہاکہ دین اسلام کے خلاف کوئی بھی اقدام حکومت کی کشتی ڈبونے کا ذریعہ ثابت ہوگی ۔