دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی انسانی جانوں کی بے مثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

وزیراعظم محمد نوازشریف کی شمالی وزیرستان میں بم دھماکہ کی مذمت،سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار

پیر 13 فروری 2017 13:40

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی انسانی جانوں کی بے مثال قربانیوں کو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے شمالی وزیرستان میں بم دھماکہ کی شدید مذمت کی ہے جس میں ایف سی اے کے 3 اہلکار شہید ہوئے۔وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی انسانی جانوں کی بے مثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جو قومی تاریخ کا انتہائی اہم پہلو ہے انہوں نے کہا کہ شہداء نے وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ان کی قربانیاں بے مثال ہیں ہم بحیثیت قوم اپنے ملک کے دشمنوں کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھیں گے وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان نے ملک بھر میں دہشت گردوں کی کمر توڑتے ہوئے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم یہ جنگ جیت چکے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے بقیہ دہشت گردوں کا جلد خاتمہ کردیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ تمام کامیابیاں ہماری بہادر اور پرعزم افواج کی بدولت حاصل ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم قوم کی حیثیت سے اپنی افواج کے فرائض کی ادائیگیوں میں دی جانے والی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔