کولگام میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو سید علی گیلانی اور میر واعظ سمیت حریت رہنمائوں کا شاندار خراج عقیدت

اتوار 12 فروری 2017 22:53

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اور دیگر حریت رہنمائوں نے ضلع کولگام کے علاقے فرصل میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرفروش ایک مقدس نصب العین کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ہم پر یہ قومی ذمہ داری ڈال دیتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کوہر قیمت پر جاری رکھیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری ایک امن پسند قوم ہے لیکن بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے خطے میں خون خرابہ اور قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے۔حریت چیئرمین نے کہاکہ یہ نوجوان ہمارے کل کے لیے اپنے آج کو قربان کررہے ہیں اور ان کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم 40سال تک پُرامن جدوجہد کرتی رہی لیکن بھارت نے ان کی آواز پر کان نہیں دھرا اور وہ اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر قائم رہا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کو پشت بہ دیوارکردیا جس کے بعد ہمارے نو جوانوں نے سرفروشی کا راستہ اختیار کیا اور قربانیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کی اور آج بھی کررہے ہیں۔سید علی گیلانی نے کہا کہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال کے لیے بھارت کی طرف سے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا بلا جواز ہے اوریہ کشمیریوں کی اپنی مقامی تحریک ہے جو اپنے بنیادی اور پیدائشی حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

انہوںنے بھارتی حکمرانوںپر زور دیا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی ترک کرکے تنازعہ کشمیر کے پُرامن حل میں رکاوٹ نہ ڈالیںجو بھارت اور یہاں کے عوام کے حق میں ایک مثبت قدم ہوگا۔حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے نوجوان ایک بلند اور مقدس نصب العین کے لیے اپنا گرم گرم لہوپیش کر رہے ہیں تاکہ مسئلہ کشمیر کو حق خودارادیت کی بنیاد پر حل کیا جاسکے ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ہزاروں شہداء اور عوام کی بیش بہا قربانیوں کے سبب مسئلہ کشمیر کی گونج آج پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے اور اس مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لیے بھارتی حکومت پر عالمی دبائو میں اضافہ ہو رہا ہے۔دریں اثناء سید علی گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت کے رہنماؤںپر مشتمل ایک وفد کولگام گیااور شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

وفد میں راجہ معراج الدین، بشیر احمد فاروقی، ظہور الحق گیلانی اور عمر عادل ڈار شامل تھے۔حریت رہنمائوں غلام نبی سمجھی ، محمد یوسف میر اور محمد اشرف صوفی نے بھی شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔آزادی پسند رہنمائوں محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی، شبیر احمد ڈار،محمداقبال میر، امتیاز احمد ریشی، فردوس احمد شاہ،غلام نبی وار اور محمد احسن انتو نے بھی شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :