وزیر اعلیٰ پنجاب فی الفور استعفیٰ دیں ، سپیکر نا اہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجواکراپنی آئینی ذمہ داری پو ری کریں ‘ تحریک انصاف

آج معروف قانون دان بابر اعوان کے ہمرا ہ جاکر سپیکر پنجاب اسمبلی کے سامنے وزیر اعلیٰ نااہلی ریفرنس کے حوالے سے تفصیلی موقف پیش کرینگے

اتوار 12 فروری 2017 19:50

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ پنجاب سے فی الفور استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ صادق اور امین نہیں رہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سپیکر کیلئے وزیر اعلیٰ نا اہلی ریفرنس کو قبول کرنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچا، ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجواکراپنی آئینی ذمہ داری پو ری کریں۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے رہنما اعجاز احمد چوہدری اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ عدالت عالیہ نے شریف فیملی پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا فیصلہ دیا اور شوگر ملیں بند کرنے کا حکم دیا لیکن سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود ملیں اب بھی چل رہی ہیں، شہباز شریف نے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے شوگر ملوں کی جگہ تبدیل کی ، انہو ںنے ملکی مفاد کی بجائے ذاتی مفاد کوترجیح دی، شہبازشریف نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی اور وہ آئین کے آرٹیکل 62کی شق 2کے تحت صادق اور امین نہیں رہے لہٰذا وہ فی الفور استعفیٰ دیں۔

(جاری ہے)

میاں محمود الرشید نے کہا کہ شہباز شریف ناصرف شوگر ملوں کے معاملے میں اپنے حلف سے غداری کے مرتکب ہوئے ہیںبلکہ انہوں نے لندن میں بھی 18 ملین ڈالر کا ڈیفالٹ کیا ،اس لئے انہیں نا اہل قرار دیا جانا چائے ،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سپیکر کے پاس وزیر اعلیٰ نااہلی ریفرنس کو قبول کرنے کے سوا اورکوئی راستہ نہیں بچا،سپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس موقع ہے کہ وہ تاریخ میں اپنا نام رقم کریںاور اپنی آئینی ذمہ داری پو ری کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نا اہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجیں، سپیکر دونوں فریقین کا موقف سن کر میرٹ پر فیصلہ کریں۔

انہو ں نے کہا کہ شریف خاندان شوگر ملوں کی منتقلی کیس میں پانچ مرتبہ حکم امتنا عی حاصل کر چکا ہے ، یہ کب تک راہ فرار اختیار کر یں گے ہم آج بروز پیر معروف قانون دان بابر اعوان کے ہمرا ہ جاکر سپیکر پنجاب اسمبلی کے سامنے وزیر اعلیٰ نااہلی ریفرنس کے حوالے سے تفصیلی موقف پیش کریںگے۔