ملہال مغلاں،سڑک کی تعمیر کے باعث پنجڈھیرہ گائوں کے فراہمی آب کی پائپ لائن متاثر

اہل دیہہ کو پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا، وزیر اعلی پنجاب سے مسلئے کے حل کا مطالبہ

اتوار 12 فروری 2017 18:20

ملہال مغلاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2017ء) ملہال مغلاں تا امیر پور منگن سڑک کی تعمیر کے باعث پنجڈھیرہ گائوں کے فراہمی آب کی پائپ لائن متاثر ہونے کی وجہ سے اہل دیہہ گزشتہ دو ہفتوں سے پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس کر رہ گئے۔ علاقہ میں میٹھے پانی کے کنوئوں کی کمیابی کے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پنجڈھیرہ کے رہائشی محمد رحمن نے اتوار کو ’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گائوں کی آبادی تقریباً پندرہ ہزار نفوس پر مشتمل ہے جو متعلقہ سپلائی لائن سے پینے کا پانی حاصل کرتے ہیں اور اتنے بڑے گائوں میں میٹھے پانی کی فراہمی کا صرف یہی ایک ذریعہ تھا جو اہل دیہہ اپنی مدد آپ کے تحت چلا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ تقریباً پندرہ روز قبل سڑک کی تعمیر کے باعث سپلائی لائن ٹوٹنے کی وجہ سے پانی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی ہے جس کے باعث اتنی بڑی آبادی کو پینے کے پانی کے حصول کے حوالے سے شدید مسائل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں تیل کمپنی کی جانب سے آلودہ پانی کے اخراج کے باعث میٹھے پانی کی شدید قلت ہے اور آلودہ پانی سٹور کرنے کیلئے بنائے گئے تالاب سے پانی رسنے کے باعث نہ صرف زیر زمین پانی آلود ہو چکا ہے بلکہ زرعی اراضی بھی بنجر بنتی جا رہی ہے جس سے نہ صرف انسانوں بلکہ پالتو جانور اور جنگلی حیات بھی متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورت حال سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا ہے اور علاقہ کے مکین وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ صوبائی حکام سے درخواست گزار ہیں کہ پینے کی پانی کی شدید قلت کے مسئلہ کے فوری حل پر توجہ دی جائے کیونکہ گرمیوں کے موسم میں پانی کی طلب میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے جس کے باعث مسائل کے بڑھنے کا خدشہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :