صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان کی اتوار کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒکے مزار پر حاضری

اتوار 12 فروری 2017 15:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے اتوار کی صبح بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒکے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی ۔ اس موقعہ پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے اور مزار کے حفاظتی گارڈز نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سنیٹر سلیم ضیاء اور دیگر بھی موجود تھے ۔

صدر آزاد کشمیر نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ اس موقع پر بابائے قوم کے لیے فاتحہ خوانی ہوئی اور ملک و قوم کی سلامتی ، ترقی ، خوشحالی ، استحکام ، امت مسلمہ کے اتحاد اور کشمیر کی آزادی کے لیے دعا کی گئی ۔ بعد ازیں وہاں پرمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے بابائے قوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ نے قیام پاکستان سے قبل ہی کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ۔

(جاری ہے)

اس کی حقیقت اب مذیدواضح ہوتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ریاست جموں و کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔پاکستان کشمیر کے بغیر نا مکمل اور پاکستان کے بغیر کشمیر کی کوئی شناخت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر قبضے کی بدولت ہندوستان دریائوں کا پانی روکنے کی دھمکیاں دے رہا ہے ۔ مگر اہل جموں و کشمیر اپنے دریائوں کا پانی روکنے کی اُسے ہر گز اجازت نہیں دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پاکستان کو ایک دفاعی فصیل فراہم کرتے ہیں۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام نصف سے زیادہ بھارتی فوج کو باندھ کر رکھا ہوا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں صدر آزاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت میر واعظ عمر فاروق ، سید علی گیلانی ، یاسین ملک ، شبیر شاہ ، مسرت عالم اور آسیہ اندرابی کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صرف کشمیر کمیٹی نہیں یورپی پارلیمنٹ اور ہر ایک ملکی ادارہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے کوشاں اور مکمل حمایت کرتا ہے ۔ جس پر ہم پاکستان کی حکومت عوام اور اس کے تمام اداروں کے شکر گزار ہیں۔

متعلقہ عنوان :