مردم شماری میں دھاندلی ہر گز قبول نہیں کرینگے ، ایسی تمام کوششوں کے خلاف کھل کر احتجاج ہوگا،آفتاب شیرپائو

پختون قوم کے دشمنوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی ، ایسے ملک دشمن اقدامات سے پختون قوم مزید مایوس ہو گی جو کہ وفاق کی بقاء کے لیے خوش آئند نہیں ، پاکستان میں سب سے زیادہ گیس ،خام تیل اور سستی بجلی خیبر پختونخوا پیدا کر رہا ہے ،اس کے باوجود صوبے میں لوڈشیڈنگ اور توانائی کی قلت روز بروز بڑھ رہی ہے ْچیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیرپائو کا حیات شیرپائو کی برسی کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 11 فروری 2017 20:20

مردم شماری میں دھاندلی ہر گز قبول نہیں کرینگے ، ایسی تمام کوششوں کے ..
!پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 فروری2017ء) چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہاہے کہ قومی وطن پارٹی مردم شماری میں دھاندلی ہر گز قبول نہیں کرے گی اور ایسی تمام کوششوں کے خلاف کھل کر احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی ، پختون دشمن عناصر سی پیک منصوبے سے خیبرپختونخوا کو نکالنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ صوبے میں کسی قسم کے ترقیاتی منصوبے شروع نہ ہوسکیں ، پختون قوم کے دشمنوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی ، ایسے ملک دشمن اقدامات سے پختون قوم مزید مایوس ہو گی جو کہ وفاق کی بقاء کے لیے خوش آئند نہیں ، پاکستان میں سب سے زیادہ گیس ،خام تیل اور سستی بجلی خیبر پختونخوا پیدا کر رہا ہے جس کے باوجود صوبے میں لوڈشیڈنگ اور توانائی کی قلت روز بروز بڑھ رہی ہے، ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فاٹاکو خیبرپختونخواہ میں شامل کرنے کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی تھی جس میں فاٹا کے پارلیمنٹرین نے انضمام کے حق میں قرارداد جمع کیا اور اسی حوالہ سے وزیر اعظم نے کمیٹی بھی تشکیل دی۔

(جاری ہے)

ملک کے تمام سٹیک ہولڈر یعنی تمام سیاسی جماعتیں،فاٹا سے منتخب پارلیمنٹرین ،فاٹا کے اکثریتی عوام ،طالبعلم اور وکلائ فاٹا اور خیبر پختونخواہ کے انضمام پر متفق تھے۔ آفتاب شیرپائو نے واضح کیا کہ فاٹا کے انضمام سے ایک طرف پختون اتحاد کو تقویت ملے گی تو دوسری طرف خیبرپختونخواہ ملک کا دوسرا بڑا صوبہ بن جائے گا۔تاہم بدقسمتی سے پختون مخالف عناصر نے فاٹا اور خیبرپختونخواہ کے انضمام کے خلاف سازشیں شروع کر دی ہے۔

و ہ ہفتہ کو یہاں چارسدہ میں شہید حیات محمد خان شیرپائو کی 42ویں برسی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ برسی میں فاٹا اور صوبے بھر سے پارٹی کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور پختون قوم کے بہادر لیڈر شہید حیات محمد خان شیرپائو کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پختون قوم کے حقوق کے لیے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا اپنے خطاب میں چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیرپائو نے شہید حیات محمد خان شیرپاژو کے نقش قدم پر چلنے کی تلقین کرتے ہوئے ان تمام عناصر کو تنقید کا نشانہ بنایا جو پختون قوم کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف سازشیںکرنے میں ملوث ہے۔

آفتاب شیرپائو نے کہاکہ قومی وطن پارٹی ایسے تمام سازشوں کی بھر پور مخالفت کرتی ہے اور پختون قوم کے دشمنوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ آفتاب شیرپائو نے مزید کہا کہ ایسے ملک دشمن اقدامات سے پختون قوم مزید مایوس ہو گی جو کہ وفاق کی بقاء کے لیے خوش آئند نہیں ہے۔اس موقع پر آفتاب شیرپائو نے کہا کہ پاکستان ایک فیڈریشن ہے لیکن اس کو فیڈرل ریاست کے طور پر نہیں چلایا جارہا ہے۔

ساری توجہ ایک صوبے پر مرکوز ہے اور پورے پاکستان کے وسائل پنجاب کی ترقی کے لیے استعمال کئے جارہے ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ گیس ،خام تیل اور سستی بجلی خیبر پختونخوا پیدا کر رہا ہے جس کے باوجود صوبے میں لوڈشیڈنگ اور توانائی کی قلت روز بروز بڑھ رہی ہے۔آٹھارویں ترمیم کے باوجود صوبائی خود مختاری کا مسئلہ حل نہیں ہوا اور وفاقی حکومت صوبائی وسائل کو لوٹ کر پنجاب کی ترقی پر صرف کر رہی ہے پختونوں کے حقوق پر بات کرتے ہوئے آفتاب شیرپائو نے غیر جانبدار مردم شماری کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پختون دشمن عناصر مردم شماری میں دھاندلی کر کے پختونوں کو اپنے حق سے محروم کرنا چاہتی ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ مردم شماری میں پنجاب سے لی گئی اعداد وشمار کی گنتی لاہور میں ہوگی ،سندھ سے لی گئی اعداد وشمار کی گنتی کراچی میں ہوگی جبکہ خیبرپختونخواہ سے لی گئی اعداد وشمار کی گنتی کو اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔ انھوں نے واضح کیا کہ قومی وطن پارٹی مردم شماری میں دھاندلی ہر گز قبول نہیں کرے گی اور ایسے تمام کوششوں کے خلاف کھل کر احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔

سی پیک منصوبے کے حوالے سے آفتاب شیرپائو نے کہا کہ پختون دشمن عناصر سی پیک منصوبے سے خیبرپختونخواہ کو نکالنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہے تاکہ صوبے میں کسی قسم کے ترقیاتی منصوبے شروع نہ ہوسکے۔ انھوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول مہیا کیا جاسکے جبکہ خیبرپختونخواہ میں وفاقی حکومت ٹرانسمیشن لائن کی اپ گریڈیشن کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہے ہے جس سے صوبے میں لوڈشیڈنگ کا اضافہ ہو رہا ہے۔

آفتاب شیرپائو نے مزید مطالبہ کیا کہ منڈا ڈیم اور چشمہ رائٹ بنک کینال کو بھی سی پیک کا حصہ بنایا جائے۔اس موقع پر آفتاب شیرپائو نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ پاکستان اپنے خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرے کیونکہ بین الاقوامی سطح پر معاشیات کو ترجیح دی جارہی ہے جبکہ سٹریٹیجک پالیسی کو دوسری نمبر پر رکھا گیا ہے۔اس تناظر میں وفاقی حکومت بین الاقوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خارجہ پالیسی میں موئثر تبدیلی لائے تاکہ بین الاقوامی سطح پر اپنا کردار موئثر طریقے سے ادا کر سکے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائو،صوبائی وزیر آنیسہ زیب طاہر خیلی کے علاوہ دیگر مرکزی اور صوبائی قائدین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔