واپڈا کی جانب سے ضلع کوہستان کے دور دراز علاقوںمیں 4 روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

میڈیکل کیمپ کے دوران سات مختلف علاقوں میں اڑھائی ہزار مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں مریضوں کی اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل تھی ، مفت ادویات کی فراہمی کے علاوہ معمولی نوعیت کی سرجری بھی کی گئی واپڈا میڈیکل ٹیم میں سرجیکل ، میڈیکل ، چائلڈ اور چیسٹ سپیشلسٹ، لیڈی ڈاکٹرز اور میڈیکل آفیسرز شامل تھے

جمعہ 10 فروری 2017 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2017ء) واپڈا نے اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان کے دور دراز علاقوں میں 4 روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ واپڈا میڈیکل سروسز کے زیر اہتمام منعقدہ میڈیکل کیمپ گزشتہ روز اختتام پذیر ہوا۔میڈیکل کیمپ کے دوران ضلع کوہستان کے سات دور افتادہ دیہات اور علاقوں میں لوگوں کو واپڈا کی جانب سے مفت طبی سہولیات مہیا کی گئیں۔

ان دیہات میں ڈوگہ ، سمرنالہ ، شتیال ، کانڈیا ، برسین اور چوچنگ شامل ہیں۔ واپڈا میڈیکل ٹیم سرجیکل سپیشلسٹ ، میڈیکل سپیشلسٹ ، چائلڈ سپیشلسٹ ، چیسٹ سپیشلسٹ ، دومیڈیکل آفیسرز اور تین لیڈی ڈاکٹر ز پر مشتمل تھی، جنہوں نے کیمپ کے دوران تقریباًاڑھائی ہزارمریضوں کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

مریضوں کی اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل تھی، مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں جبکہ ضرورت کے مطابق مریضوں کی معمولی نوعیت کی سرجری بھی کی گئی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ واپڈا ضلع کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ تعمیر کررہا ہے ۔ منصوبے کے لئے درکار زمین اور اثاثہ جات کی خریداری کے لئے متاثرین کو نہ صرف معاوضہ ادا کیا جارہا ہے بلکہ واپڈا کی جانب سے مقامی لوگوں کی اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے متعدد منصوبوں پر بھی کام کیا جارہا ہے ۔ ان ترقیاتی منصوبوں میں تعلیم ، صحت اور مقامی لوگوں کے لئے انفراسٹرکچر کی سہولیات سر فہرست ہیں۔

متعلقہ عنوان :