لاہور،واپڈا کی جانب سے ضلع کوہستان کے دور دراز علاقوںمیں 4 روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

جمعہ 10 فروری 2017 18:39

لاہور۔10 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2017ء) واپڈا نے اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان کے دور دراز علاقوں میں 4 روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا،میڈیکل کیمپ کے دوران ضلع کوہستان کے سات دور افتادہ دیہات اور علاقوں میں لوگوں کو واپڈا کی جانب سے مفت طبی سہولیات مہیا کی گئیں۔ ان دیہات میں ڈوگہ ، سمرنالہ ، شتیال ، کانڈیا ، برسین اور چوچنگ شامل ہیں۔

واپڈا میڈیکل ٹیم سرجیکل سپیشلسٹ ، میڈیکل سپیشلسٹ ، چائلڈ سپیشلسٹ ، چیسٹ سپیشلسٹ ، دومیڈیکل آفیسرز اور تین لیڈی ڈاکٹر ز پر مشتمل تھی، جنہوں نے کیمپ کے دوران تقریباًاڑھائی ہزارمریضوں کا معائنہ کیا۔ مریضوں کی اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل تھی، مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں جبکہ ضرورت کے مطابق مریضوں کی معمولی نوعیت کی سرجری بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

یہ امر قابل ذکر ہے کہ واپڈا ضلع کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ تعمیر کررہا ہے ۔ منصوبے کے لئے درکار زمین اور اثاثہ جات کی خریداری کے لئے متاثرین کو نہ صرف معاوضہ ادا کیا جارہا ہے بلکہ واپڈا کی جانب سے مقامی لوگوں کی اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے متعدد منصوبوں پر بھی کام کیا جارہا ہے ۔ ان ترقیاتی منصوبوں میں تعلیم ، صحت اور مقامی لوگوں کے لئے انفراسٹرکچر کی سہولیات سر فہرست ہیں۔

متعلقہ عنوان :