سپریم کورٹ ، سردار کوڑے خان ٹرسٹ کی ہزاروں کنال اراضی پر قبضہ سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت ایک مہینے کیلئے ملتوی

بدھ 8 فروری 2017 23:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) سپریم کورٹ نے ضلع مظفر گڑھ میں واقع سردار کوڑے خان ٹرسٹ کی ہزاروں کنال اراضی پر قبضہ اور بدانتظامی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت ایک مہینے تک ملتوی کرتے ہوئے پیش رفت کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

بدھ کوجسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ،اس موقع پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رزاق اے مرزا نے عدالت کو کوڑے خان ٹرسٹ کے حوالے سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی حکم کے مطابق تمام ڈی سی اوکے دفترمیں 14 جنوری کوتمام فریقین کی میٹنگ ہوئی تھی جس میں طویل غوروخوصکے بعد ڈی سی اومظفرگڑھ نے اراضی پرقابض10 مختلف محکموں کو نوٹس جاری کرکے ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ اوقاف کی اراضی خالی کردیں ، رپورٹ کے مطابق ٹرسٹ کے دیگررقبے ، اور کرایہ پر دی گئی پراپرٹی سے حاصل ہونے والی رقم مشترکہ اکاونٹ کھول کر اس میں جمع کی جاتی ہے جسے کوئی فرد واحد نہیں نکال سکتا، یہی رقم وقف شدہ پراپرٹی کی دیکھ بحال کے ساتھ علاقہ میں فلاحی کاموں پر خرچ کی جاتی ہے تاہم جن محکموں کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے مزید بتایاکہ قابض محکموں کی جانب سے جواب آنے کے بعد مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا، عدالت نے قرار دیا کہ وقف پراپرٹی سے حاصل ہونے والی آمدنی علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لیے خرچ کی جانی چاہیے یہ مال مفت نہیں ہوتا اس میں تو کسی قسم کی خرد برد ہونا ہی نہیں چاہیے مگر لوگ اسے بھی نہیں چھوڑتے ، عدالت کوبتایا جائے کہ اس وقف تک پراپرٹی کی آمدن اور خرچ کی تفصیلات کیا ہیں، جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ اس حوالے سے ہمیں کچھ مہلت دی جائے ، عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی اورہدایت کی کہ آئندہ سماعت پرعدالت کو پیش رفت کی رپورٹ پیش کی جائے ۔