پنجاب اسمبلی کا اجلاس ، بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود اپوزیشن رکن نے وقفہ سوالات کے دوران اچانک ایوان میں آکر کورم کی نشاندہی کر دی، کارروائی ایک گھنٹہ تک معطل رہی

میڈیکل میں70فیصد طالبات داخلہ لیتی ہیں لیکن شادی کے بعد وہ شعبے کو اختیار نہیں کرتیں جس کی وجہ سے حکومت کو ڈاکٹروںکی قلت کا سامنا ہے،خواجہ سلمان رفیق

منگل 7 فروری 2017 21:48

لاہور۔7 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2017ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود اپوزیشن رکن نے وقفہ سوالات کے دوران اچانک ایوان میں آکر کورم کی نشاندہی کر دی جسکے باعث کارروائی ایک گھنٹہ تک معطل رہی ،سپیکر چیمبر میں سپیکر اور وزیر قانون نے اپوزیشن کے چیئر کے بارے تحفظات دور کر دئیے جس کے بعد اپوزیشن اراکین بائیکاٹ ختم کر کے واپس ایوان میں آگئے ۔

ایوان میں حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ محکمہ صحت میں بہت سی خرابیاں دور کی گئی ہیں لیکن ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز بھی اپنے مقررہ وقت دس بجے کی بجائے ایک گھنٹہ 5منٹ کی تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہو ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ صحت سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ رواں سال ہی تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کی استعداد دو گنا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میڈیکل میں70فیصد طالبات داخلہ لیتی ہیں لیکن شادی کے بعد وہ شعبے کو اختیار نہیں کرتیں جس کی وجہ سے حکومت کو ڈاکٹروںکی قلت کا سامنا ہے،اس کیلئے حکومت نے بانڈز سسٹم کے تحت ہر ڈاکٹر سے سے عہد لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے ساہیوال میں 500بستروںکا ایک ٹیچنگ ہسپتال بنایا جا رہا ہے جس میں ٹراما سنٹر اور کارڈیک سینٹر بھی موجود ہے۔

اپوزیشن نے اپنے اعلان کے مطابق گزشتہ روز ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا تاہم اجلاس کے آغاز کے بعد کارروائی20منٹ ہی چلی تھی اور وقفہ سوالات جاری تھا کہ پی ٹی آئی کے رکن آصف محمود ایوان میں آئے اور کورم کی نشاندہی کرکے ایوان سے باہر چلے گئے۔ گنتی کرانے پر تعداد پوری نہ ہوئی اور گھنٹیاں بجائی گئیں تاہم پھر بھی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہو سکی جس کے باعث اجلاس تقریباً ایک گھنٹہ روکنا پڑا۔

دوبارہ آغاز کے تھوڑی دیر بعد ہی سپیکر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لئے اپنے چیمبر میں چلے گئے اور اجلاس کی صدارت کیلئے پینل آف چیئر مین عظمیٰ بخاری کو موقع دیا گیا۔ سپیکر چیمبر میں سپیکر اور وزیر قانون نے چیئر کے بارے اپوزیشن کے تحفظات کو دور کیاجس کے بعد اپوزیشن دوبارہ ایوان میں واپس آگئی۔ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر نے اجلاس آج بدھ صبح10بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔