کشمیر کے لیے جدوجہد کی جائز سرگرمیوں پر بھارتی اورامریکی خوشنودی کے لیے پابندیاں نہ لگائی جائیں‘ لیاقت بلوچ

کشمیریوں کی 70 سال سے آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے قربانیاں اور استقامت بے مثال اور لازوال ہے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل کا یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب

اتوار 5 فروری 2017 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 فروری2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی 70 سال سے آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے قربانیاں اور استقامت بے مثال اور لازوال ہے، بھارتی مظالم ، جبر اور غاصبانہ قبضہ کشمیریوں کے جذبوں کو سرد نہیں کرسکا، آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ، انشاء اللہ کشمیریوں کا پاکیزہ خون اور خواتین ، نوجوانوں اور طلبہ کی قربانیاں رنگ لائیں گی ، کشمیری کامیاب اور ہندوستان ناکام ہوگا۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے فیصل آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ عالمی ادارے اور عالم اسلام مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نوازشریف بھارت سے بے جا توقعات رکھنے کی بجائے قومی کشمیر پالیسی بنائیں ، وزیر خارجہ مقرر کریں ، مسئلہ کشمیر کو اہمیت دیں اور سفارتی محاذ کو فعال کرنے کے لیے وزیر مملکت خارجہ امور بھی مقرر کریں۔

(جاری ہے)

عالمی محاذ پر بھارتی مظالم ، انسانی حقوق کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سلامتی کونسل کے ذریعے کشمیریوں کے لیے قرار داد کی روشنی میں حق خود ارادیت کا عمل مکمل کرائیں۔ حکومت پروفیسر محمد سعید کی نظر بندی ختم کرے اور آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد کی جائز سرگرمیوں پر بھارتی اورامریکی خوشنودی کے لیے پابندیاں نہ لگائی جائیں۔