سیاحت کی ترقی کیلئے پاکستان تھائی لینڈ کے تجربے سے سیکھنے اور اسے عملی جامہ پہنانے پر غور کریگا، چوہدری عبدالغفور

پاکستان میں امن و امان کو صورتحال بہتر ہوچکی ،بدھ مت کے مقدس مقامات کی مناسب تشہیر سے تھائی سیاحوں کی پاکستان آمد میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی تھائی لینڈ کے سفیر سوچارٹ لینگ سائنگ ٹھونگ سے گفتگو

ہفتہ 4 فروری 2017 13:26

سیاحت کی ترقی کیلئے پاکستان تھائی لینڈ کے تجربے سے سیکھنے اور اسے عملی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2017ء) پاکستان اور تھائی لینڈ کے سفارتی تعلقات مثالی ہیں اور سیاحت کے شعبے میں باہمی تعاون سے یہ تعلقات مزید بہتر ہونگے۔ یہ بات چوہدری عبدالغفور خان منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے تھائی لینڈ کے پاکستان میں متعین سفیر سوچارٹ لینگ سائنگ ٹھونگ سے ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں تھائی لینڈکے سیاحوں کی تعداد میں نمایا ں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کیونکہ پاکستان میں امن و امان کو صورتحال بہتر ہوچکی ہے۔

پاکستان میں بدھ مت کے مقدس مقامات کی مناسب تشہیر سے تھائی سیاحوں کی پاکستان آمد میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی سفیر کی دعوت پر پی ٹی ڈی سی کا وفد ان کی سربراہی میں تھائی لینڈ کا دورہ کرے گا جہاں تھائی لینڈ ٹورازم کے وزیر، ٹورازم پولیس کے سربراہ ، اور ٹور آپریٹرز ایسو سی ایشنز سے ملاقات کی جائے گی تاکہ وہاں کی سیاحتی سرگرمیوں کے عروج سے سیکھا اور استفادہ حاصل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

تھائی لینڈ کی طرز پر سیاحتی پولیس کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ ہماری کو شش ہے کہ سیاحتی مطبوعات کو تھائی زبان میں ترجمہ کروا کر سفا ر تخانے کے ذریعے تقسیم کروایا جائے تاکہ تھائی لینڈ سے پاکستان آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو اور انہیں پاکستان کے سیاحتی مقامات سے متعلق بہتر معلومات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے سفیر کو درخواست کی کہ تھائی حکومت پاکستان کی سیاحتی صنعت کو معاونت فراہم کرے اور ٹورازم و ہاسپٹیلٹی انڈسٹری میں ٹریننگ کا انعقاد کرے جس میں پاکستانی نوجوانوں کی شمولیت ہو۔

ہم گندھارااور بدھ مت تہذیب کے سا تھ ساتھ ماحولیاتی ، اسپورٹس اور ہیلتھ ٹورازم کے فروغ کیلئے بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں ہیلتھ ٹورازم کا رجحان بھی فروغ پا رہا ہے جس میں اسکن سرجری اور کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ سر فہرست ہیں۔ کھیوڑہ میں قائم اسپتال سے ہزاروں سیاح استفادہ حاصل کر تے ہیں۔ کھیلوں کے فروغ سے بھی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا جس کے لئے اسپورٹس بورڈ سے رابطہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے اسپین کے حالیہ دورے کے دوران یو این ڈبلیو ٹی او کے سکریٹری جنرل طالب رفاعی سے ملاقات میں انہیں یو این ڈبلیو ٹی او کی کانفرنسز اور میٹنگز پاکستان میں منعقد کروانے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کیا ۔ تھائی لینڈ کے سفیر نے چوہدری عبدالغفور خان کی بطور ایم ڈی پی ٹی ڈی سی سیاحت کے فروغ و ترویج کے ذریعے ملک کے بہتر امیج کی تشہیر کیلئے کوششیں قابل تعریف ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ تھائی لینڈ حکومت گندھارا کے ٹیکسلا اور سوات میں موجود آثار ِ قدیمہ کے تحفظ اور بحالی کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی ڈی سی کے زیر اہتمام بدھ بھکشوؤں کا کھیوڑہ اور ٹیکسلا کا دورہ بے حد کامیاب رہا اور اس کے شرکاء نے اس اہتمام کو بے حد سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ڈی کے تھائی لینڈ کے دورے کیلئے اہم ملاقاتوں کا اہتمام کرلیا گیا ہے۔

چونکہ محترمہ مریم نواز ملک میں سیاحت کے ساتھ ساتھ صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں انتہائی دلچسپی رکھتی ہیں اسی لئے انہیں بھی تھائی لینڈ کے دورے کی دعوت دی گئی ہے جس کیلئے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی خصوصی معاونت درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھائی لینڈ میں سیاحت کے عروج کی وجہ قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ صحت کی سہولیات اور کھانے مشہور ہیںاور زراعت کے شعبے میں نئے تجربات کے باعث پھلوں خصوصاً آم کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ایم ڈی کو بتایا کہ ان کی ملاقات اور انٹرویو کی ویڈیویو ٹیوب پر اپلوڈ کر دی گئی ہے تاکہ تھائی لینڈ کے سیاحوں کو پاکستان کی جانب راغب کیا جا سکے۔