القاعدہ نے امریکی کارروائی کے بعد یمن کے تین قصبوں پر قبضہ کرلیا

جنگجوئوں نے علاقے میں داخلے کے تمام راستے بلاک کردیئے،سکیورٹی سروس کی عمارت بھی دھماکے سے اڑا دی گئی

ہفتہ 4 فروری 2017 11:51

القاعدہ نے امریکی کارروائی کے بعد یمن کے تین قصبوں پر قبضہ کرلیا
صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2017ء) القاعدہ کی یمنی شاخ نے ملک کے جنوب میں تین قصبوں پر قبضہ کر لیا ۔ شدت پسند تنظیم کی جانب سے یہ پیش رفت یمن میں امریکی اسپیشل فورسز کی ایک کارروائی کے چند ہی روز بعد سامنے آئی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی سکیورٹی حکام نے بتایا کہ القاعدہ کے جنگجوؤں نے آبیان صوبے میں لوضر، شرقہ اور احوار کے قصبوں پر قبضہ کر لیا۔

ان علاقوں میں تعینات یمنی فورسز نے تنخواہیں نہ ملنے اور ہتھیاروں اور دیگر عسکری آلات کی عدم دستیابی پر پسپائی اختیار کر لی تھی، جس کے بعد عسکریت پسند ان علاقوں میں داخل ہو گئے۔انہوں نے کہاکہ القاعدہ کے عسکریت پسندوں نے علاقے میں داخلے کے تمام راستوں کو بلاک کر دیا ہے، جب کہ اس علاقے میں سکیورٹی سروس کی ایک عمارت بھی دھماکے سے اڑا دی گئی ۔

(جاری ہے)

لوضر کے علاقے میں بھی گزشتہ شب سعودی اتحادی طیاروں نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر دو فضائی حملے کیے۔ مقامی قبائلی ذرائع کا کہنا تھا کہ جہادی اب آبیان صوبے کے دارالحکومت زنجیبار کی جانب پیش قدمی کر سکتے ہیں، جو جنوبی شہر عدن سے صرف پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ یمنی حکومت گزشتہ دو برسوں سے عدن ہی میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہے، جب کہ دارالحکومت صنعا پر ایران نواز حوثی باغیوں کا قبضہ ہے۔

بتایاگیا ہے کہ امریکا کی جانب سے یمن میں ڈرون حملوں کے باوجود وہاں عسکریت پسندوں کی قوت کو کوئی خاص کمی نہیں ہوئی ہے۔ اتوار کے روز امریکی خصوصی دستوں نے بعیدہ صوبے میں ایک آپریشن میں متعدد افراد کو ہلاک کر دیا تھا، جب کہ اس آپریشن میں آٹھ خواتین اور آٹھ بچے بھی ہلاک ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :