پارٹی چھوڑ کرجانے والوں کو 2018 کے انتخابات میں میں اپنی حیثیت کا اندازہ ہوجائے گا،نند کمار

جام مدد علی اور امتیاز احمد شیخ نے فنکشنل لیگ سے غداری کی ہے،کسی کے جانے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ،میڈیا سے بات چیت

جمعرات 2 فروری 2017 18:44

پارٹی چھوڑ کرجانے والوں کو 2018 کے انتخابات میں میں اپنی حیثیت کا اندازہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل)کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نند کمار نے کہا ہے کہ پارٹی چھوڑ کرجانے والوں کو 2018 کے انتخابات میں میں اپنی حیثیت کا اندازہ ہوجائے گا ۔جام مدد علی اور امتیاز احمد شیخ نے فنکشنل لیگ سے غداری کی ہے ۔جام مدد علی نے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ابھی تک اپنی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا ہے ۔

سینیٹر مظفر حسین شاہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے جو الیکشن کمیشن سے جام مدد علی کے غیر آئینی اقدام کے خلاف رجوع کریگی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔نند کمار نے کہا کہ سانگھڑ ضلع پاکستان مسلم لیگ( فنکشنل) کا گڑھ ہے۔گزشتہ عام انتخابات میں بھی فنکشنل لیگ نے ضلع سانگھڑ سے اکثریتی نشستیں حاصل کیں تھی۔

(جاری ہے)

جام مدد علی نے بھی ہماری جماعت کے ٹکٹ پر یہاں سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن اب وہ اپنے عوام کو دھوکہ دے کر حکمران جماعت پیپلزپارٹی کو پیارے ہوگئے ہیں ۔پیپلزپارٹی نے نجانے انہیں کیا سہانے خواب دکھائے ہیں جو وہ فلور کراسنگ جیسے اقدام پر مجبور ہوئے۔جام مدد علی نے نہ صرف اپنے عوام کے ساتھ دغا کی بلکہ اس ملک کے آئین و قانون کی بھی دھجیاںاڑا دی ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ امتیاز احمد شیخ اور جام مدد علی نے ہمارے ساتھ غداری کی ہے ۔جام مدد علی نے ابھی تک اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ بھی نہیں دیا ہے جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے ۔جام مدد علی شکست کے خوف سے نشست چھوڑ نے کے لیے تیار نہیں ۔اگر جام مدد علی کو اتنا ہی شوق ہے تو وہ مستعفی ہوکر انتخابی میدان میں آکر آئیں اور اپنی عوامی طاقت کو آزما کر دیکھ لیں۔

ہم نے سینیٹر مظفر حسین شاہ کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو الیکشن کمیشن سے جام مدد علی کے غیر آئینی اقدام کے خلاف رجوع کریگی۔نند کمار نے کہا کہ ضلع سانگھڑ کی عوام نے انہیں اور ان جیسے لوٹوں کو مسترد کردیا ہے۔جام مدد علی جیسے اقتدار کے حواریوں کے لئے عوام میں کوئی جگہ نہیں ہے۔یہ اقتدار کے پجاری ہیں انہوں نے ہمیشہ اپنی قیادت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔پیپلزپارٹی کی قیادت بھی ایسے افراد سے ہوشیار رہے ایسا نہ ہو کہ انہیں بھی دھوکہ ملے۔انہوںنے کہا کہ اس طرح کے پارٹی چھوڑ جانے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔اسطرح کے کئی لوگ پہلے بھی فنکشنل لیگ میں آتے رہے ہیں ۔فنکشنل لیگ چھوڑ کر جانے والوں کو 2018 میں اپنی حیثیت کا اندازہ جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :