کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے،مقررین

مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت ودوستی کشمیری عوام کی جدوجہد کیلئے زہر قاتل ہے اقوام متحدہ مشر قی تیمور کی طرح کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے لیاقت بلوچ ، ضیاء الدین انصاری ، نوید چوہدری ، محمود الرشید ،پیر اعجاز ہاشمی ودیگر قائدین کا خطاب

بدھ 1 فروری 2017 22:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2017ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے اور بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے سات دہائیوں سے کشمیر کے امن کو تباہ و برباد کر رکھا ہے ۔ بھارتی فوجی جارحیت کے نتیجے میں کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے بنیادی انسانی حقوق کے چارٹرڈ کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام ہمدرد سنٹر میں یکجہتی کشمیر کے حوالے سے -آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس میں قومی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین ضیاء الدین انصاری ،نوید چوہدری ، میاں محمودالرشید، پیر اعجاز ہاشمی ، امیر حمزہ ، کاظم رضا نقوی ، ڈاکٹرفرید احمد پراچہ ، ولید اقبال ، مفتی محمد تصدق حسین ، مولانا سیف الدین سیف ، مولانا حسین احمد اعوان ، مرزا ایوب بیگ ، مولانا احمد علی ثانی ، حافظ ہشام الٰہی ظہیر ، بلال قدرت بٹ ، ڈاکٹر سید وسیم اختر ، خالد پرویز ، انجینئر اخلاق احمد ، خلیق احمد بٹ ، حافظ محمد اشرف گجر ، قاری محمد یوسف ، ملک شاہد اسلم و دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیر میں آٹھ لاکھ فوج نہتے کشمیریوں کو حق خودارادیت کو روکنے کیلئے داخل کر رکھی ہے اور وہ یہ سمجھتا ہے کہ شائد ظلم و جبر کے ذریعے ان کو آزادی کی اس جدوجہد سے روک سکیں گے ۔انہو ں نے کہا کہ جمو ںو کشمیر تاریخی ، جغرافیائی ،معاشرتی ،نظریاتی اور مذہبی حوالے سے کسی طرح بھارت کا حصہ کبھی نہیں رہا لیکن بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آرہا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی نظر کا زاویہ درست کرے اور مشرقی تیمور کی طرح مقبوضہ و جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے لیے اپنا بنیادی اور اخلاقی کردار ادا کرے اور بھارتی قیادت کو اپنے وعوئوں کی پاسداری کا پابند بنائے۔انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد جو انقلاب کی لہر شروع ہوئی ہے اس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کشمیریوں کی ہر طرح سے سیاسی اور اخلاقی پشت پناہی کو تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت فی الفور مستقل وزیر خارجہ کا تعین اور بین الاقومی سطح پر سفارت کاری کو موثر بنانے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا تقرر کرے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ مستحکم کر کے دریائوں کا پانی روک کر پاکستان کو بنجر بنانا چاہتا ہے ۔کشمیر کی تحریک آزادی پاکستان کے دفاع، تکمیل اور سلامتی کی تحریک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور چاروں صوبائی اسمبلوں کے اجلاسز بلا کر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قراردادیں منظور کرے ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء نوید چوہدری نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی سرکار پر دبائو بڑھائیں کہ وہ کشمیریوں پر ظلم و جبر کا سلسلہ بند کر کے ان کو حق خود ارادیت دیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء میاں محمود الرشید نے کہاکہ پاکستان ایک ایٹمی قوت اور پاکستانی قوم ایک جرأتمندقوم ہے ۔ انڈیا کو سمجھ لیناچاہیے کہ یہ قوم اب اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور اپنے کشمیری بھائیوں پر ہونے والے ایک ایک ظلم کا حساب چکائیں گے۔

جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماء پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ حکومت پاکستا ن کی طرف سے بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت دینا قابل مذمت اور اہل کشمیر کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔ کاظم رضا نقوی نے کہا کہ اگر ہمارے حکمران کشمیرپر اپنا ٹھوس موقف اختیار کریں اور اس پر ڈٹ جائیں تو پوری پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی ۔

مولانا سیف الدین سیف نے کہا کہ ہم برہان مظفر وانی کی شہادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جس نے آزادی کشمیر کی تحریک میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ۔قائمقام امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ ہم متحد ہو کر امریکہ بھارت ، اسرائیل کے گٹھ جوڑ اور ان کی سازشوں کا مقابلہ کریں گے ۔ اس موقع پر شرکاء آل پارٹیز کانفرنس نے حافظ محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کی اس موقع پر نظر بندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ان کو فی الفور رہا کیا جائے ۔

پاکستان کی بیس کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا ، کشمیریوں کی جدوجہد تاریخ ساز ہے اور آج ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہندوستان کشمیر پر اپنا جبری قبضہ ختم کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انھیں ان کا حق دے ۔۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر کے مقاصد میں جامع اور ٹھوس حکمت عملی اپنائے اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے معاملے کو اُٹھانے کیلئے ایک اعلیٰ سطی فدد تشکیل دے ۔

بھارت فی الفور مقبوضہ کشمیر سے فوجی انحلا ء کا علان کرے اور کالے قوانین کا خاتمہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد جو انقلاب شروع ہوا ہے اس کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے سیاسی ، اخلاقی ، پشت پناہی کو مذید تیز کیا جائے ۔ حکومت پاکستان کشمیریوں کے لیے ایک ریلیف فنڈ قائم کرے تاکہ ہزاروں زخمیوں کے علاج معالجے کا کوئی انتظام کیا جاسکے۔

اقوام متحدہ نے بھارتی ظلم و جبر پر آنکھیں بند کرنے کی بجائے اپنی ہی قراردادوں پر عمل درآمد کر کے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے میں تعائون کرے ۔ مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت و دوستی کشمیر ی عوام کی جدوجہد کے لیے زہر قاتل ہے ۔بین الاقوامی قوتوں کی کشمیر کی آزادی کے معاملے پر مجرمانہ خاموشی قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔

ہم برہان مظفر وانی کی شہادت کو تحسین پیش کرتے ہیں جس نے کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ۔قوام متحد ہ اپنی نظر کا زاویہ درست کرے اور مشرقی تیمور کے انسانوں کی طرح مقبوضہ جموں کشمیر کے مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے اپنی بنیادی اور اخلاقی رول ادا کرے ۔عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی سرکار پر دبائوں بڑھائیں کہ وہ اپنے وعدوں کی پاسداری کا پابند ہو ۔

ہمارے حکمران عالمی برادری پر واضح کریں کہ بھارت دنیا کے سامنے مذاکرات کا سہارا لیتا ہے اور پھر کشمیر اٹوٹ انگ کا ڈنڈھورا پیٹنا شروع کر دیتا ہے ۔کشمیر تاریخی ، جغرافیائی ، معاشرتی ، نظریاتی اور مذہبی حوالے سے کسی طرح بھارت کا حصہ کبھی نہیں رہا ۔ حکمران کشمیر پر اپنا ٹھوس موقف اختیار کریں پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔آل پارٹیز کانفرنس جناب حافظ محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کی نظر بندی کی شدید مذمت کرتی ہے ۔

جماعة الدعوہ اور اسکی قیادت کو ٹارگٹ کرنا امریکہ بھارت کے دبائو کا نتیجہ ہے ۔ تمام قائدین حافط محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔حکومت پاکستا ن کی طرف سے بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت دینا قابل مذمت اور اہل کشمیر کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔بھارت کشمیر پر غاصبانہ قبضہ مستحکم کر کے دریائوں کا پانی روک کر پاکستان پنجر بنا چاہتا ہے ۔کشمیر کی تحریک آزادی پاکستان کے دفاع ، تکمیل اور سلامتی کی تحریک ہے ۔تمام قائد ین اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم متحد ہو کر امریکہ، بھارت ،اسرائیل کے گٹھ جوڑ اور ا ن کی سازشوں کا مقابلہ کریں گے