پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے، پنجاب دہشتگردوں کا محفوظ ٹھکانہ بن چکا ہے، بلدیاتی اداروں کو اختیارات دیئے جائیں کیونکہ اختیارات کے بغیر بلدیاتی ادارے نمائشی اور بے معنی ہیں، حکومت غفلت کی وجہ سے فرقہ پرست کالعدم تنظیمیں آزادانہ کام کررہی ہیں، القاعدہ ، داعش اور طالبان کی دہشتگردانہ کاروائیوں سے کفر کو فائدہ اور امت مسلمہ کو نقصان پہنچ رہا ہے، سیاست کو کرپٹ کرنے کا ذمہ دار نواز شریف ہے

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی وفد سے گفتگو

بدھ 1 فروری 2017 21:29

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 فروری2017ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے۔ پنجاب دہشتگردوں کا محفوظ ٹھکانہ بن چکا ہے۔ بلدیاتی اداروں کو اختیارات دیئے جائیں کیونکہ اختیارات کے بغیر بلدیاتی ادارے نمائشی اور بے معنی ہیں۔ حکومت غفلت کی وجہ سے فرقہ پرست کالعدم تنظیمیں آزادانہ کام کررہی ہیں۔

القاعدہ ، داعش اور طالبان کی دہشتگردانہ کاروائیوں سے کفر کو فائدہ اور امت مسلمہ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ سیاست کو کرپٹ کرنے کا ذمہ دار نواز شریف ہے۔ 63,62پر عمل ہوا تو نواز شریف گھر جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے آپریشن ضربِ عضب ادھورا ہے۔

پاکستان کی تمام ناکامیوں کے ذمّہ دار بار بار اقتدار میں آنے والے سدا بہار حکمران خاندان ہیں۔ ملک میں جمہوریت کے نام پر مداریوں کا کھیل تماشا جاری ہے۔ ہمارا سیاسی نظام نا جائز دولت کے سہارے پر کھڑا ہے۔ دولت مند طبقے نے سیاسی نظام کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ کرپٹ نظام دیانتدار قیادت فراہم نہیں کرسکتا۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ قومی اثاثے رہن رکھ کر حاصل کئے گئے قرضے عوام نہیں حکّام پر خرچ ہوتے ہیں۔

پاکستان میں منصفانہ او ر عادلانہ نظام رائج کرنے کیلئے دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے۔ پاناما کیس میں شکست شریف خاندان کا مقدر بنے گی۔ گلے سڑے کرپشن زدہ نظام کی اصلاح کیلئے اصطلاحات کی ضرورت ہے۔ نیوز لیکس کے معاملے پر مٹی ڈالو پالیسی اختیار کر لی گئی ہے۔ پاک فوج کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کاروائی نہ ہو نا افسوسناک ہے۔