حافظ محمد سعید کی نظر بندی قابل مذمت ہے ، نوازشریف حکومت نے فوجی آمر مشرف کی طرح امریکہ کی ایک کال پر سرنڈر کردیاہے ،حکومتی کاروائی عدلیہ ، آئین ، انسانی بنیادی حقوق سے ماورا ہے

جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کابیان

منگل 31 جنوری 2017 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 جنوری2017ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بھارتی اور امریکی دبائو پر ملک کی محب وطن ، محب دین ، انسانیت کی خدمت ، اسلامی نظریہ اور کشمیریوں کی آزادی ، حق خو د ارادیت کے لیے آواز بلند کرنے والی تنظیم جماعت الدعوہ اور اس کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید کی نظر بندی قابل مذمت ہے ۔

نوازشریف حکومت نے فوجی آمر جنرل پرویز مشرف کی طرح امریکہ کی ایک کال پر سرنڈر کردیاہے ۔ حکومتی کاروائی عدلیہ ، آئین ، انسانی بنیادی حقوق سے ماورا ہے ، امریکہ بھارت اور پاکستانی حکومت کے پاس کوئی ثبوت ہے تو عدالت میں آئیں ، ریاستی طاقت سے سب کچھ بلڈوز نہ کیا جائے ۔ منگل کو اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ کینیڈا کی جامع مسجد پر فائرنگ 6 نمازیوں کی شہادت قابل مذمت اور دہشتگردی کی بدترین واردات ہے ۔

(جاری ہے)

کینیڈا کے وزیراعظم کاردعمل مثبت اور حوصلہ افزاء ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے جذباتی غیر حقیقت پسندانہ اقدامات دنیا بھر میں ہیجانی کیفیت پیدا کر رہے ہیں ۔ حکومت پاکستان حواس باختہ ہونے کی بجائے سفارتی محاذ پر پاکستان اور کشمیریوں کا جائز مقدمہ مضبوطی سے لڑے ۔ بھارتی غاصبانہ ، ظالمانہ اور انسانیت دشمن چہرہ بے نقاب کیا جائے ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ سے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سوات سابق ایم پی اے محمد امین کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اور ضلع سوات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔

بلوچستان کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے بھی منصورہ میں محمد جمیل شہوانی کی قیادت میں ملاقات کی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وفاقی اور بلوچستان حکومت بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنائیںاورانہیں ترقیاتی فنڈز مہیا کیے جائیں ۔ منتخب بلدیاتی اداروں کو مفلوج اور دیوار سے نہ لگایا جائے ۔