ْ گورنر اسٹیٹ بینک نے جمی انجینئر کی بنائی ہوئی ایدھی مرحوم کی تصاویر کی نمائش کا افتتاح کر دیا

پیر 30 جنوری 2017 23:13

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2017ء) گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اشرف محمود وتھرا نے فیصل ایدھی اور جمی انجینئر کے ہمراہ پیر کو کراچی میں اسٹیٹ بینک میوزیم اینڈ آرٹ گیلری میں عبدالستار ایدھی کے پنسل اسکیچز کی نمائش کا افتتاح کر دیا۔ واضح رہے کہ یہ پینسل اسکیچز جمی انجینئر نے بنائے ہیں۔ جمی انجینئر نے اپنے پنسل اسکیچز کے ذریعے، جو انہوں نے اسٹیٹ بینک میوزیم اینڈ آرٹ گیلری کو بطور تحفہ دے دیئے، عبدالستار ایدھی کے اس درد اور رحمدلی کو اجاگر کیا ہے جو وہ مستحق لوگوں کے لئے محسوس کرتے تھے۔

ان اسکیچز سے معاشرے کے پسماندہ طبقوں کے لئے عبدالستار ایدھی کی محبت اور اخلاص کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔ تصاویر میں ان مشکلات کی عکاسی کی گئی ہے جن کا سامنا ایدھی صاحب کو انسان دوستی کے اپنے مشن کے سلسلے میں کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

مرکزی بینک سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے عظیم انسان دوست اور انسانی حقوق کے کارکن عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہا۔

گورنر نے جمی انجینئر کے اس خلوص کی بھی تعریف کی جس کی بنا پر انہوں نے اس عظیم شخصیت کی تصاویر بنائیں۔ گورنر نے اپنی تقریر میں اعلان کیا کہ ملک کے لئے بے غرض خدمات انجام دینے کے معمولی سے اعتراف کے طور پر عبدالستار ایدھی کی یاد میں50 روپے کا یادگاری سکہ مارچ 2017ء میں جاری کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ مرحوم عبدالستار ایدھی کی یاد میں 50 روپے کے یادگاری سکے کے ڈیزائن پر کام جاری ہے جس کے لئی15 جولائی 2016ء کو کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے منظوری دی تھی۔

تقریب سے اپنے خطاب میں گورنر نے بینکوں کے سربراہان سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی سرگرمیوں میں سے کچھ سرگرمیاں ملک میں آرٹ اور ورثے کے فروغ کے لئے مختص کر دیں۔ اس موقع پر جمی انجینئر نے بتایا کہ عبدالستار ایدھی نے انسانیت کے لئے جو خدمات انجام دیں ان سے انہیں بہت جذبہ ملا اور وہ متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی صاحب پوری دنیا کے لئے ایک لیجنڈ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایدھی صاحب کی تصاویر اس لئے بنائیں کہ کسی بھی ملک میں کوئی اور شخصیت مرحوم ایدھی کے پائے کی خدمات انجام نہیں دے سکتی۔ انہوں نے بتایا کہ میں جب بھی بیرونِ ملک گیا وہاں کے لوگوں نے پاکستان کے بارے میں منفی باتیں کیں، مگر جب میں نے ان سے پوچھا کہ کیا تمہارے ملک میں کوئی شخص عبدالستار ایدھی جیسا ہے تو ان لوگوں کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔

جمی انجینئر نے ایس بی پی میوزیم اینڈ آرٹ گیلری میں یہ اسکیچز رکھنے پر گورنر اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کیا۔ فیصل ایدھی نے ایدھی صاحب کی فیملی اور ایدھی فاونڈیشن کی طرف سے عبدالستار ایدھی کی یاد میں تقریب منعقد کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جمی انجینئر کے فن پاروں کے ذریعے مرحوم ایدھی کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ افتتاحی تقریب کے بعد گورنر اسٹیٹ بینک نے نمائش کا فیتہ کاٹا اور فیصل ایدھی، جمی انجینئر، دیگر معززین اور مہمانوں کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا۔ افتتاحی تقریب میں فیصل ایدھی، بینکاری صنعت کے اعلی حکام، شہر میں فن کے مداحوں، سفارتکاروں، معروف ماہرینِ تعلیم اور دیگر اعلی معززین نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :