پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، غیرمعمولی مندی، کے ایس ای 100 انڈیکس 991.53 پوائنٹس کی کمی سے 48972.24 پوائنٹس پر بند

مارکیٹ سرمایہ میں 1 کھرب 77 ارب روپے سے زائد کی کمی جبکہ تجارتی حجم میں بھی 8 ارب روپے سے زائد کی مندی ریکارڈ کی گئی

پیر 30 جنوری 2017 22:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2017ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیرکوزبردست مندی دیکھی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 991.53 پوائنٹس کی غیرمعمولی کمی سے 48972.24 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ سرمایہ میں 1 کھرب 77 ارب 99 کروڑ 89 لاکھ 14 ہزار 14 روپے کی کمی رونماء ہوئی جبکہ تجارتی حجم میں بھی 8 ارب 24 کروڑ 75 لاکھ 79 ہزار 165 روپے کی مندی ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح خرید و فروخت میں 2 کروڑ 82 لاکھ 10 ہزار 930 حصص کی کمی رہی۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری نئے ہفتے کے آغاز پر پیر کو پی ایس ایکس میں حصص کی فروخت کے دبائو اور مارکیٹ کریکشن کے باعث مندی کا رجحان رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 991.53 پوائنٹس کی کمی سے 48972.24 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 528.27 پوائنٹس کی مندی سے 26386.17 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 607.26 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 1846.85 پوائنٹس کی مندی رونماء ہوئی۔ مزیدبرآں بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 270.32 پوائنٹس کی کمی سے 20286.76 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 4.89 پوائنٹس کی مندی سے 17909.91 پوائنٹس پر بند ہوا۔کے ایم آئی30 انڈیکس 575.05 پوائنٹس کی کمی سے 23375.24 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 430 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 84 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 335 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 11 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمت میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 100 روپے کے اضافے سے 6000 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح تھل انڈسٹری کارپوریشن ایکس ڈی کے حصص کی سودے بھی 20.53 روپے کی تیزی سے 554.98 روپے پر بند ہوئے۔

سب سے زیادہ مندی ویتھ پاک لمیٹڈ اور سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 224.45 روپے کی مندی سے 4264.63 روپے اور سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمت بھی 109.33 روپے کی کمی سے 2490.67 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبار کے الیکٹرک لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 5 کروڑ 47 لاکھ 61 ہزار 500 شیئرز رہا جس کی قیمت 10.67 روپے سے شروع ہو کر 10.25 روپے پر بند ہوئی جبکہ عائشہ اسٹیل مل کے 1 کروڑ 94 لاکھ 93 ہزار 500 حصص کے سودے 24.29 روپے سے شروع ہو کر 23.17 روپے بند ہوئے۔

مجموعی طور پر 38 کروڑ 97 لاکھ 35 ہزار 760 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 20 ارب 39 کروڑ 17 لاکھ 89 ہزار 366 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 99 کھرب 46 ارب 71 کروڑ 60 لاکھ 56 ہزار 345 روپے سے کم ہو کر 97 کھرب 68 ارب 71 کروڑ 71 لاکھ 42 ہزار 331 روپے رہ گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 107 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی اور 29 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی رہی جبکہ 6 کروڑ 13 لاکھ 3 ہزار 500 حصص کا کاروبار ہوا۔