قائدحزب اختلاف خورشید شاہ کی اسمبلی اجلاس میں شرکت مشکوک

اپوزیشن لیڈرکو گھوڑے سے گرنے کے بعد ڈاکٹرز نے سات دن آرام کا مشورہ دے رکھا ہے

اتوار 29 جنوری 2017 13:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جنوری2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی اسمبلی اجلاس میں شرکت مشکوک ہو گئی ،گھوڑے سے گرنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں سات دن آرام کا مشورہ دے رکھا ہے جبکہ وہ گھر بیٹھے بیٹھے اپوزیشن کو وزیراعظم کیخلاف تحریک استحقاق لانے کیلئے ٹیلی فون پر مشوروں سے نواز رہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ گزشتہ روز گھوڑے سے گر کر زخمی ہو گئے تھے جنہیں ڈاکٹرز نے انہیں سات دن آرام کا مشورہ دیا تھا جس کے باعث قومی اسمبلی کے (آج) پیر کی شام چار بجے ہونیوالے اجلاس میں ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن وزیراعظم کیخلاف تحریک استحقاق لانے کی تیاری مکمل کرچکی ہے اور ایسے اپوزیشن لیڈر کیساتھ اپوزیشن اراکین ٹیلی فون پر مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں اور وزیراعظم کیخلاف تحریک استحقاق اسمبلی لائے جانے کے امکانات ففٹی فٹی نظر آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام چار بجے ہورہا ہے اور سپیکرقومی اسمبلی ایازصادق کی جانب سے اسمبلی اجلاس سے قبل اپوزیشن اور حکومتی اراکین کا مشاورتی اجلاس بھی بلایا گیا ہے جس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو لازمی شرکت کا کہا گیا تھا مگر خورشید شاہ کے زخمی ہونے کی وجہ سے ان کی شرکت مشکوک ہے ۔