کراچی شپ یارڈ میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کیلئے تعمیر کئے جانیوالے 1500 ٹن میری ٹائم پیٹرول ویسل کی کیل لیئنگ کی تقریب

جمعہ 27 جنوری 2017 18:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2017ء) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس ای) کیلئے تعمیر کیئے جانیوالے 1500ٹن میری ٹائم پیٹرول ویسل (ایم پی وی)کی کیل لیئنگ کی تقریب کراچی شپ یارڈ میں جمعہ کو منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا یہ کثیر المقاصد جہا ز اسٹیل ہل اور المونیم سپراسٹرکچر کا حامل ہے۔

یہ ایم پی وی بنیادی طور پر بحری حدود کی حفاظت ، گشت اور پولیسنگ کے امور کی انجام دہی کیلئے ہے۔ اس موقع پر معزز مہمان خصوصی نے کراچی شپ یارڈ اور چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی کو مقررہ وقت سے ایک ماہ قبل ہی اس اہم سنگ میل حاصل کرنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ یہ تاریخ ساز منصوبہ سدا بہار پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کے ساتھ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی پر پاکستان کی بحری حدود کی حفاظت کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے شپ یارڈ کی بہتر منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دوسرے پبلک سیکٹر اداروں کے لیئے ایک مثال ہے کہ یہ گذشتہ دس برسوں سے مسلسل منافع بخش ادارہ ہے۔ اس سے قبل شپ یارڈ کے ایم ڈی ریئر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ ہلال امتیاز (ملٹری) ،نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی شپ یارڈ میں1500 ٹن ایم پی وی کے تعمیر وزارت برائے دفاعی پیداور اور چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی کے ما بین 6 جہازو ں کے تعمیری معاہدے کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری ٹائم پیٹرول ویسل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی حربی صلاحیتوں میں اضافہ کے باعث ہو گا اور پاک بحریہ کے ساتھ مل کر پاکستان کے بحری حدود کی بہتر حفاظت میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا شپ یارڈ میں دیگر منصوبو ں پر تسلی بخش رفتار سے کام جاری ہے جن میں600 ٹن ایم پی وی،دو 32 ٹن بولارڈ پل ٹگ، میزائل بردار جہاز نمبر4، اور ملٹی پرپز بارج شامل ہیں ۔ انہوں نے صارفین کو یہ یقین دہانی کرائی کہ شپ یارڈ اعلی میعار کے پلیٹ فارم کی تعمیر کیلئے پوری طرح پر عزم ہے۔

متعلقہ عنوان :