پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی سے بلدیہ ٹائون اورنگی ٹائون لیاری کے علاقہ مکینوں کے دفد کی ملاقات

منگل 24 جنوری 2017 23:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی سے پیپلز سیکریٹریٹ میں بلدیہ ٹائون اورنگی ٹائون لیاری، کلفٹن، کورنگی ، اختر کالونی،جمشید روڈ، منظور کالونی،نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، شاہ فیصل کالونی، ناتھا خان گوٹھ ودیگرعلاقوں کے معززین نے ملاقات کی اور انہیںان علاقوں میں پانی کی شدید قلت سے آگاہ کیا۔

ان وفود نے بتایا کہ واٹر بورڈ کا عملہ پیسے لے کر وال آپریٹ کرتا ہے اور ڈبلیو ٹی ایم کے افسران و عملہ کی ہٹ دھرمی کے باعث پانی کی تقسیم غیر منصفانہ بنیادوں پر کی جارہی ہے اورغیرقانونی ہائیڈرنٹس ختم کرنے کے دعوئوں کے باوجود عوام پانی سے محروم ہیں اور ناجائز ہائیڈرنٹ ختم کرنے کے بعد جو پانی علاقوں میں وافر مقدار میں سپلائی ہونا چاہئے تھا وہ پتہ نہیں کن لوگوں کے ٹینکوں میں جارہا ہے۔

(جاری ہے)

وفود نے بتایا کہ وہ مہنگا پانی خریدنے پر مجبور ہیں اور ان کی آدھی تنخواہ پانی کی خریداری میں چلی جاتی ہے۔ پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے وفود سے گفتگو اور شکایات سننے کے بعدانہیں یقین دلایا کہ وہ اس اہم مسئلے پر وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سے ملاقات کر کے اس مسئلے کو ان کے سامنے رکھیں گے اور انہیں سفارش کرینگے کہ واٹر بورڈ سے کالی بھیڑوں کا صفایا کر کے اچھے افسران تعینات کئے جائیں، تاکہ کراچی کے عوام کو منصفانہ بنیادوں پر پانی کی تقسیم ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :