لاہور، شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجی ریلیوں کے باعث ٹریفک دبائو کا سامنا رہتا ہے‘ سید احمد مبین

منگل 24 جنوری 2017 23:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2017ء) ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن(ر) سیّد احمد مبین نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجی ریلیوں کے باعث ٹریفک دبائو کا سامنا رہتا ہے جس کے باعث معمول کی ٹریفک کوجام ہونے سے بچانے کے لئے فوری طور ٹریفک افسران و اضافی ٹریفک وارڈنز کو موقع پر بھیجا جاتا ہے ۔احتجاج شہریوں کا حق ہے لیکن مظاہرین سے اپیل ہے کہ وہ پرامن احتجاج کریں تاکہ دوسرے شہریوں کی معمولات زندگی متاثر نہ ہو ں۔

مظاہر ین کے ٹائر جلا کر روڈبندکرنے سے معمول کی ٹریفک متاثر ہوتی ہے اور سٹی ٹریفک پولیس کو فوری طور پر ایک روڈ بندکرکے ون وے ٹریفک چلانا پڑتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق شملہ پہاڑی پر دو مختلف جماعتوں کی جانب سے 70سے 80مظاہرین نے احتجاج کیا جس کے باعث پریس کلب سے شملہ پہاڑی تک روڈ بند کر کے ایک لائن میں ٹریفک بہال کرنا پڑی جس کی نگرانی ڈی ایس پی فلائنگ سکواڈ وقار خان ، سیکٹر انچارج گڑھی شاہو اقبال حمید اور 20اضافی ٹریفک وارڈنز نے کی اور ٹریفک روانی کو متاثر نہ ہونے دیا۔

(جاری ہے)

اسی طر ح فیصل چوک پر 40سے 50افراد نے احتجاج کیا جہاں مظاہرین کوا یک طرف کر کے روڈکو عام ٹریفک کے لئے کلیئر کروا یا گیا ۔اسی طرح ایک سیاسی جماعت کے 30سے 40مظاہرین نے استمبول چوک پر نادرا کے خلاف احتجاج کیا جس کے باعث استمبول چوک سے جی سی یونیورسٹی تک ٹریفک روانی متاثر ہوئی جہاں ٹریفک وارڈنز نے موقع پر جا کر ٹریفک کو پی ایم جی چوک سے جی سی یونیورسٹی تک ڈائیورشن لگا کر ٹریفک بہائو کو بحال رکھا ۔

اسی طر ح یونائیٹڈ ٹیچر کونسل کے 70سے 80اساتذہ نے نجکاری کے خلاف فیصل چوک میں احتجاج شروع کیا اور بعد میں سیکرٹریٹ چوک آکر دھرنا دے دیا جس کی وجہ سے ٹریفک روانی متاثر ہوئی ۔ڈی آئی جی ٹریفک کے حکم پر فوری ایس پی سٹی آصف صدیق ، ایس پی ہیڈکواٹرز امتیاز الرحمن ، ڈی ایس پی فلائنگ سکواڈ وقار خان ، ڈی ایس پی انارکلی طارق ، ڈی ایس پی لائسنسنگ امتیاز اور50سے زائد ٹریفک وارڈنز کو موقع پر بھیجا گیا ۔

جنہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کرکے ایک طرف کر دیا اور ٹریفک بہائو کو یقینی بنایا ۔ڈی آئی جی ٹریفک نے اس موقع پر کہا کہ اگر سارے دن میں احتجاجی ریلیوں کے باعث ٹریفک روانی متاثر ہونے پر ٹریفک پولیس کے افسران وو ارڈنز کی کوششوں کو دیکھا جائے تو قابل ستائش ہیں ۔شہریوں کو بہترین سفری سہولت دینے کے جذبہ کے تحت خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :