پرویز مشرف عوام میں آناچاہتے ہیں،پارٹی کارکنان جلد منظم اور مستحکم ہوکر اپنے قائد کا بازو بنیں،2018کے انتخابات میں حصہ لینا ہے،ہم خیال لوگوں اور جماعتوں کو ساتھ ملا رہے ہیں،دوسری جماعتوں کے کئی راہنما شمولیت اختیار کر چکے ہیں

جنرل مشرف جلد میڈیا کے ذریعے ملک کو درپیش مسال کا حل پیش کریں گے آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کااے پی ایم ایل فیڈرل کیپیٹل کے تنظیمی اجلاس سے خطاب

منگل 24 جنوری 2017 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ پارٹی قائد جنرل(ر)پرویز مشرف چاہتے ہیں کہ وہ جلد عوام میں آئیں،ہمیں مضبوط اور منظم ہوکر اپنے لیڈر کا دست و بازو بنناہے،2018کے انتخابات میں بھرپور تیاری سے حصہ لینا ہے،ہم خیال لوگوں اور جماعتوں کو ساتھ ملانا ہے،دوسری جماعتوں کے کئی قائدین ہماری جماعت میں آ چکے ہیں،بہت جلد جنرل(ر)پرویز مشرف عوام کو درپیش مسال کا حل پیش کریں گے،پارٹی کی تمام صوبائی تنظیموں کے اجلاس کا مقصد تنظیمی صورتحال کا جائزہ لینا اور بہتری لانا ہے، فیڈرل کیپیٹل کی تمام تنظیمیں جلد مکمل کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارٹی کے مرکزی دفتر میں اے پی ایم ایل فیڈرل کیپیٹل کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر برگیڈئر(ر)محمد اسلم خان،غلام قدرت نیازی،تقدیرہ اجمل خان،فیڈرل کیپیٹل کے صدر راجہ حماد حسین،جنرل سیکرٹری حاجی راجہ مطلوب احمد، زوہیب امجد،سیدہ فردوس کے علاوہ فیڈرل کیپیٹل،این اے 48،این اے 49اوردیگر ونگز کے عہدیداران نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل (ر)پرویز مشرف ملک میں آکر عوام کو درپیش مسائل سے انہیں نکالنا چاہتے ہیں،اس مقصد میں کامیابی کے لئے ہمیں ان کا دست و بازو بننا ہے۔پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ یونین کونسل کی سطح تک جلد قائم کیاجائے۔پہلے مرحلے میں ہم نے پارٹی کو منظم اور مضبوط بنانا ہے۔اس مقصد کے لئے صوبائی اجلاس ہو رہے ہیں،اگلے مرحلے میں ہم خیال لوگوں اور جماعتوں کو ساتھ ملا کر 2018کے انتخابات میں پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

دوسری سیاسی جماعتوں کے راہنما پرویز مشرف کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے ہماری جماعت میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔کئی اہم سیاسی شخصیات رابطے میں ہیںجو ہماری جماعت میں شمولیت اختیار کریں گی۔اے پی ایم ایل تیزی سے ترقی کی منزلیں طے کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جلد پارٹی قائد جنرل(ر)پرویز مشرف قوم کو درپیش مسائل کاحل پیش کریں گے۔