وفاقی حکومت کی طرف سے معاشی ترقی کے تمام دعوے غلط اور بے بنیاد ہیں،سعید غنی

حقیقت میں ملک کو قرضوں میں جکڑا جا رہا ہے، میٹرو بس پر فخر کرنے والے قومی اداروں کی لوٹ سیل لگا رہے ہیں، سٹیل ملز، پی آئی اے، ریلویز کو نیلام کر کے ریاست کو قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،پیپلزپارٹی کے سینیٹر کا بیان

منگل 24 جنوری 2017 22:53

وفاقی حکومت کی طرف سے معاشی ترقی کے تمام دعوے  غلط اور بے بنیاد ہیں،سعید ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے معاشی ترقی کے تمام دعوے غلط اور بے بنیاد ہیں، حقیقت میں ملک کو قرضوں میں جکڑا جا رہا ہے، میٹرو بس پر فخر کرنے والے قومی اداروں کی لوٹ سیل لگا رہے ہیں، اسٹیل ملز، پی آئی اے، ریلویز قومی ادارے اور ریاست کے زیور ہیں انکی نیلامی ریاست کو قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میںسینیٹر سعید غنی نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ والوں نے جعلی ادویات اور جعلی اسٹنٹ متعارف کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت سرکاری اسکول، کالج، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کی ہے مگر نواز حکومت کا سارا زور صرف میٹرو بس پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)عدلیہ کا کتنا احترام کرتی ہے، قوم ابھی تک سپریم کورٹ پر حملے کو نہیں بھولی۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ وسطی پنجاب کے بعد مسلم لیگ(ن) کے وزراکی زبانیں لڑکھڑا رہی ہیں اور سردی میں بھی ان کے پسینے چھوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعد رفیق گلو بٹ بننے کی بجائے اپنے محکمے پر توجہ دے۔ انہوںنے کہا کہ شاہراہ دستور پر وزراکا جمعہ بازار لگتا ہے اور وزرااپنے دفاتر میں موجود نہیں ہوتے۔(رڈ)

متعلقہ عنوان :