شامی بحران کاحل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر مبنی ہونا چاہیے،سعودی عرب

آستانہ میں بات چیت میں شام میں جنگ بندی کیلئے ایک ایسا میکانزم وضع کیا جائے جس سے جنیوا میں مذاکرات کی بحالی کی راہ ہموار ہوسکے ،سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان تمام شعبوں میں مضبوط تعلقات استوار ہیں ،سعودی عرب امریکی عوام کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی کابینہ سے تعاون کے منتظر ہیں اور اس سلسلے میں پٴْرامید ہیں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کی اپنے فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس

منگل 24 جنوری 2017 22:44

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ شام میں جاری بحران کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور جنیوا اول اعلامیے پر مبنی ہونا چاہیے۔وہ منگل کے روز دارالحکومت ریاض میں اپنے فرانسیسی ہم منصب ڑاں مارک آیرو کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ آستانہ میں بات چیت میں شام میں جنگ بندی کے لیے ایک ایسا میکانزم وضع کیا جائے جس سے جنیوا میں مذاکرات کی بحالی کی راہ ہموار ہوسکے۔

عادل الجبیر نے امریکا کی نئی انتظامیہ کے ساتھ روابط کے حوالے سے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں مضبوط تعلقات استوار ہیں اور ان کا ملک امریکی عوام کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی کابینہ سے تعاون کے منتظر ہیں اور وہ اس سلسلے میں پٴْرامید ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں امریکا کی واپسی اور اپنا کردار مضبوط بنانے کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔