Live Updates

ہم نے تین الزامات کے حوالے سے تمام کاغذات سپریم کورٹ میں داخل کرادیئے ہیں ‘9ماہ سے پانامہ لیکس کا مقدمہ چل رہا ہے لیکن کسی بھی الزام کا ثبوت نہیں دیا گیا، وزیراعظم محمد نواز شریف‘ انکی والدہ ‘مریم نواز‘محمد صفدر کے انکم ٹیکس ‘ویلتھ ٹیکس‘مریم نواز کے زیر کفالت نہ ہونے کے کاغذات‘ گلف سٹیل کا سرکاری اجازت نامہ‘لینڈ یوز معاہدہ ‘فیکٹری تعمیر اور مکمل ہونے کی تصاویر‘1978کا سیل ایگریمنٹ‘1980میں مل بکنے کے معاہدے سمیت پاکستان ‘دوبئی اور لندن کی دستاویزات سپریم کورٹ میں پیش کر دی گئی ہیں‘ سماعت کے دوران ہمارے وکلاء یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں کہ عمران خان ‘شیخ رشید اور سراج الحق کی پٹیشن میں کسی بھی جگہ مریم نواز کا نام نہیں ہے اور نہ ہی پٹیشنز میں مریم نواز کے حوالے سے کوئی استدعا کی گئی ہے،عمران خان کو سمجھ لگ گئی ہے کہ ساڑھے تین سال سے وہ جو جھوٹ کا مکان بنارہے ہیں وہ ان کے سر پر گرنے لگا ہے

وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک اورایم این اے دانیال عزیز کا پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 24 جنوری 2017 22:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہم نے تین الزامات کے حوالے سے تمام کاغذات سپریم کورٹ میں داخل کرادیئے ہیں ‘9ماہ سے پانامہ لیکس کا مقدمہ چل رہا ہے لیکن کسی بھی الزام کا ثبوت نہیں دیا گیا، وزیراعظم محمد نواز شریف‘ انکی والدہ ‘مریم نواز‘محمد صفدر کے انکم ٹیکس ‘ویلتھ ٹیکس‘مریم نواز کے زیر کفالت نہ ہونے کے کاغذات‘ گلف سٹیل کا سرکاری اجازت نامہ‘لینڈ یوز معاہدہ ‘فیکٹری تعمیر اور مکمل ہونے کی تصاویر‘1978کا سیل ایگریمنٹ‘1980میں مل بکنے کے معاہدے سمیت پاکستان ‘دوبئی اور لندن کی دستاویزات سپریم کورٹ میں پیش کر دی گئی ہیں‘ سماعت کے دوران ہمارے وکلاء یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں کہ عمران خان ‘شیخ رشید اور سراج الحق کی پٹیشن میں کسی بھی جگہ مریم نواز کا نام نہیں ہے اور نہ ہی پٹیشنز میں مریم نواز کے حوالے سے کوئی استدعا کی گئی ہے،عمران خان کو سمجھ لگ گئی ہے کہ ساڑھے تین سال سے وہ جو جھوٹ کا مکان بنارہے ہیں وہ ان کے سر پر گرنے لگا ہے۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے میڈیا سینٹر میں ایم این اے دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے بتایا کہ مریم نواز کے وکیل کے پہلے روز کے دلائل کے بعد ایک شعر درخواست گذاروں کے لئے ہے کہ "وہ بات سارے فسانے میں جس کا ذکر نہ تھا۔وہ بات ان کو بہت ناگوار گذری "۔انہوں نے کہا کہ آج کی سماعت میں یہ بات بھی دیکھنے کو ملی کہ درخواست گذاروں کو نواز شریف کے خلاف ثبوت نہیں مل پائے اور نہ ہی مریم کے خلاف کوئی مقدمہ مل پایا ہے ۔

عدالت نے دوران سماعت یہ بھی سوال اٹھایا کہ اگر 2013کے کاغذات کا ذکر کررہے ہیں تو 2011کے کاغذات کا آپس میں کیا تعلق ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات میں طارق شفیع کا بیان حلفی ‘نیکسن اور نیسکول کے بیرئیر سرٹیفکیٹس جن میں 2006سے قبل کی ملکیت شاہی خاندان کے پاس ہونے اور مریم نواز کا بینی فیشری کی بجائے ٹرسٹی ہونے کی تصدیق ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کریگا ہمیں وہ قابل قبول ہوگا ۔ایم این اے دانیال عزیز نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے عدالت میں دائر تمام درخواستوں میں مریم نواز پر کوئی الزام نہیں ہے ‘31.5ملین کے جس تحفے کی بات ہے اس میں یہ تحفے دینے کے طریقے پر بات کی گئی ہے اور دوسری طرف محمد صفدر کے ٹیکس ریٹرنز میں اس رقم کو ظاہر نہیں کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ دو نومبر سے پانامہ لیکس کی سماعت شروع ہوئی تو عمران خان اور دیگر نے عدالت کے باہر ‘ٹی وی ٹا ک شوز اور ہر فورم پر مریم نواز پر تنقید کی ‘ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عمران خا ن کے دماغ پرمریم نواز مکمل طور پر طاری ہوگئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کو کوئی اور جھوٹ نہیں ملا تو آئی پی پیز کی ادائیگیوں کو نکا ل لائے ہیں ‘آئی پی پیز سابق دور کی ادائیگیاں تھیں ۔

انہوں نے کہا کہ کچھ میڈیا ہائوسز مختلف نشریات ‘اخبارات ‘رسالوں میںمریم نواز کی سرخ رنگ کی مسخ شدہ تصاویر شائع اور نشر کر رہے ہیں ‘اور کردار کشی کے ساتھ ساتھ تنقیدی جائزہ بھی لے رہے ہیں ‘ان کو سوچنا ہوگا کہ وہ غلط کر رہے ہیں ‘حقیقت بالکل اسکے برعکس ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سمجھ لگ گئی ہے کہ ساڑھے تین سالوں سے جو جھوٹ کا مکان بنارہے ہیں وہ انکے سر پر گرنے لگا ہے اسی لئے وہ مخصو ص مواد کو مخصوص میڈیا پر لا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف پٹیشن میں جواب نہ دینے اور مسلسل تنقید پر الیکشن کمیشن نے یہ لکھا ہے کہ عمران خان غلیظ اور گندی زبان کا استعمال کر کے آئینی اداروں پر دبائو ڈال رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 90دنوں میں کے پی کے میں تبدیلی کی بات کی تھی لیکن آج تک عملی طور پر کچھ نہیں ہوسکا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان تو غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے پٹیشن پر چھٹی دفعہ منی ٹریل پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات