Live Updates

الزامات کے بعد معافی مانگنا عمران خان کی عدالت بن چکی ہے ،ْ الیکشن کمیشن کے بعد سپریم کورٹ میں بھی معافی مانگیں گے ،ْ مریم اورنگزیب

عمران خان کومبارکباد دیتی ہیں کہ ملتان میں بھی وزیراعظم محمد نواز شریف نے میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے ،ْمیڈیا سے گفتگو عمران خان پانامہ کیس عدالت میں لڑنے کی بجائے میڈیا سے لڑنے کی کوشش کر رہے ہیں ،ْ طارق فضل چوہدری بیٹی چاہے کسی بھی شخص کی ہوں پر الزام لگانے سے پہلے ٹھوس ثبوت ہونا ضروری ہیں ،ْ وزیر مملکت کی گفتگو

منگل 24 جنوری 2017 21:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2017ء) وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الزامات کے بعد معافی مانگنا عمران خان کی عدالت بن چکی ہے ،ْ الیکشن کمیشن کے بعد سپریم کورٹ میں بھی معافی مانگیں گے ،ْ عمران خان کومبارکباد دیتی ہیں کہ ملتان میں بھی وزیراعظم محمد نواز شریف نے میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔

منگل کو میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان نے صبح و شام جھوٹے الزامات لگا کر مریم نواز کو بدنام کرنے کی کوشش کی اور ہمارے جمع کرائے گئے کاغذات پر تحریک انصاف نے کوئی جوابی دستاویز جمع نہیں کرائی ۔انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کومبارکباد دیتی ہیں کہ ملتان میں بھی وزیراعظم محمد نواز شریف نے میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے،وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان کو ترقی اور آگے لے جانے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں جبکہ عمران خان پانامہ لیکس کے نام پر صرف سیاست کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت نے کہاکہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں کارکردگی دکھائی ہے اور نہ ہی دکھائیں گے کیونکہ ان میں کارکردگی د کھانے کی صلاحیت ہی موجود ہی نہیں ۔وزیر مملکت نے کہاکہ عمران خان نے عدالت میں سماعت ختم ہونے سے 15 منٹ پہلے سپریم کورٹ سے باہر آ کر جھوٹ بولے ہیں کیونکہ یہ ان کی عادت ہے،انہوں نے وہی بات کی ہے جس کا انہوں نے کورٹ میں ذکر تک نہیں کیا ، عمران خان صبح شام مریم نواز شریف پر جھوٹے اوربے بنیاد الزام لگاتے ہیں ، کبھی کنٹینر کے اوپر چڑھ جاتے ہیں تو کبھی سڑکوں پر لاک ڈائون کرتے ہیںلیکن آج جب مریم نواز شریف کے وکیل نے اپنے دلائل شروع کئے تو تمام ٹی وی نیوز چینلز کی سکرین پر ٹکر چلے کہ عمران خان صاحب کی عدالت میں دائر کردہ پٹیشن میں مریم نواز شریف کا ذکر ہی موجود نہیں ،اسی طرح دوسری دو پٹیشنز میں مریم نواز شریف کا کوئی ذکر نہیں ہے کیونکہ ان کے پاس مریم نواز کے خلاف کوئی دستاویز نہیں ہے جو ہمارے جمع کرائے گئے دستاویز کو چیلنج کر سکے ۔

وزیرمملکت نے کہا کہ جوکیس کورٹ کے اندر لڑا جا رہا ہے اس کی عمران خان کو عادت نہیں ، اسی طرح کی جھوٹی دستاویز الیکشن کمیشن میں بھی جمع کروائی گئی تھیں جس پر انہوں نے بعد میں معافی بھی مانگی تھی ، معافی کاسلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے اور انہیں دوبارہ بھی اپنے جھوٹوں پر معافی مانگنا ہو گی۔انہوں نے کہاکہ آج جب سماعت کے دوران دلائل شروع ہوئے تو ہمارے وکلاء نے اپنے دلائل میں یہ بات ثابت کی کہ دائر کردہ درخواستوں میں مریم نواز شریف کا نام ہی نہیں ، اگر عمران خان کے پاس صداقت پر مبنی کوئی دستاویز موجود ہیں جو ہمارے دستاویز کو چیلنج کر سکے وہ کورٹ میں جمع کیوں نہیں کراتے،خاں صاحب آپ اس لئے دستاویز جمع نہیں کراتے کیونکہ آپ پانامہ لیکس کے نام پر صرف سیاست کر رہے ہیں۔

وزیرمملکت نے کہاکہ وزیر اعظم عالمی اقتصادی فورم سے کامیابی سے واپس لوٹے ہیں جہاں تمام دنیا کے نامور اقتصادی رہنماوں اورماہرین نے پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے ، آج وطن واپس پہنچتے ہی وزیر اعظم نے ملتان میں بھی میٹرو بس کا افتتاح کر دیا ہے جس پر وہ پوری قوم بالخصوص عمران خان صاحب کو بھی مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ وزیرمملکت کیڈ و پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جوں جوں کیس کی سماعت آگے بڑھ رہی ہے پوری قوم ٹی وی نیوز چینلز کے ذریعے یہ دیکھ رہی ہے کہ عمران خان پانامہ کیس عدالت میں لڑنے کی بجائے میڈیا سے لڑنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ تیسری مرتبہ منتخب ہونے والے وزیر اعظم محمد نواز شریف ایک سیاستدان نہیں بلکہ وہ ایک فلسفہ اور ایک نظریے کا نام ہے، آج جو لوگ محمد نواز شریف کی سیاست سے خائف ہیں وہ اب ان کے بچوں سے بھی خائف ہونا شروع ہو گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پانامہ لیکس کیس کے حوالے سے دائر کردہ پیٹشن میں کہیں بھی مریم نواز شریف کا ذکر نہیں ہے ، نہ ہی ان پر پانامہ کیس میں مداخلت کا کوئی الزام لگایا گیا ہے اور نہ ہی مریم نواز شریف کے حوالے سے عدالت میں کوئی استدعا کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف پر لگائے ہوئے تمام الزامات جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں اسلئے اب ان کی نظریں مریم نواز شریف پر لگ گئی ہیں کیونکہ انہیں مستقبل کی سیاست میں مریم نواز شریف کا موثر کردار نظر آنا شروع ہو گیا ہے،انہیں مریم نواز شریف میں مستقبل کی لیڈر نظر آ گئی ہے اسی لئے انہوں نے مریم نواز شریف کے خلاف جھوٹا، منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا ہے تاکہ ان کی ساکھ کونقصان پہنچایا جاسکے ،انہوں نے کہاکہ بیٹی چاہے کسی بھی شخص کی ہوں پر الزام لگانے سے پہلے ٹھوس ثبوت ہونا ضروری ہیں، بدقسمتی سے عمران خان بغیر ثبوتوں کے سڑکوں اور میڈیا میں کھڑے ہو کر الزامات لگارہے ہیں اور عدالت میں جب ثبوت مانگے جاتے ہیں تو عمران خان ہنسنے لگتے ہیں۔

انہوں نے کہاک پانامہ لیکس کی تمام تر کہانی اس طرح کے جھوٹ اورالزامات پرمبنی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات