اچھی ڈیوٹی کرنے والے کی حوصلہ افزائی، غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کیخلاف ایکشن ہو گا، چیف ٹریفک آفیسر یوسف علی شاہد

منگل 24 جنوری 2017 20:41

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے احکامات جاری کئے ہیں کہ بارشوں کے دوران تمام افسران و اہلکار اپنے فرائض انتہائی محنت اور لگن کے ساتھ سرانجام دیں، کسی بھی جگہ ٹریفک رش نہ بننے دیں۔ انہوں نے کہا کہ کورال چوک پر ترقیاتی کام کی وجہ سے ایئر پورٹ روڈ نزد کورال چوک پر ٹریفک کے سپیشل انتظامات مکمل رکھے جائیں تاکہ ٹریفک چلتی رہے اس سلسلے میں وارڈن افسران کی پہلے سے ہی خصوصی ڈیوٹی لگا کر نفری تعینات کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود تمام سیکٹرز کی خصوصی چیکنگ جاری رکھوں گا۔ اچھی ڈیوٹی کرنے والے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور غفلت لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکار کے خلاف محکمانہ ایکشن ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ غلط پارکنگ نہ ہونے دی جائے اس حوالے سے بیٹ انچارجز اور لفٹر سٹاف سخت محنت کریں تاکہ غلط پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک روانی متاثر نہ ہو غلط پارک کی گئی گاڑی یا موٹر سائیکل کو فوری لفٹ کر لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک کے ساتھ کام کیا جائے ایئر پورٹ روڈ، مری روڈ، مال روڈ، پشاور روڈ، راجہ بازار، کمرشل مارکیٹ، صادق آباد، اڈیالہ روڈ، ڈھوک سیداں، مصریال روڈ، 22نمبر چوک، جہلم روڈ، صدر کینٹ ، اندرونِ شہر، بازاروں اور دیگر تمام شاہرائوں پر بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی کو بہتر سے بہتر بنایا جائے، کسی بھی شاہراہ پر بارش کا پانی کھڑا ہونا شروع ہو تو فوری طور پر متعلقہ ادارے کو بتایا جائے تاکہ بروقت اقدامات سے ٹریفک کا فلو جاری رہے اور شہری ٹریفک سہولیات سے مستفید ہوں۔

انہوں نے کہاکہ جذبے اور ہمت سے کام کیا جائے تو فورس کا وقار بلند ہوتا ہے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے افسران و اہلکاروں کو احکامات جاری کئے کہ بارشو ں کے دوران برساتی اور چھتری کا استعمال کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی بحال رکھی جائے تاکہ کسی بھی شاہراہ پر ٹریفک رش نہ بننے پائے۔

متعلقہ عنوان :