ڈانس کے ذریعے کمر درد کا علاج،پرویز مشرف کی نوجوان لڑکی کے ساتھ رقص کی نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

منگل 24 جنوری 2017 20:00

ڈانس کے ذریعے کمر درد کا علاج،پرویز مشرف کی نوجوان لڑکی کے ساتھ رقص ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) کمر کی تکلیف میں مبتلا سابق صدر پرویز مشریف کی رقص کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں وہ ’’دلی والی گرل فرینڈ ‘‘کے گانے پر ڈانس کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر پرویز مشریف جو کمر کی تکلیف کا شکار ہیں کی ایک ڈسکو میں رقص کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈسکو لائٹس کی موجودگی میں سابق صدر بھارتی فلم سٹار رنبیر کپوراور دیپکاپڈکون کے گانے ’’دلی والی گرل فرینڈ ‘‘ پر ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ نوجوانوں سے بھی زیادہ دم دار انداز میں رقص کر رہے ہیں۔گزشتہ سال پرویز مشرف کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں ایک شادی کی تقریب میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ محو رقص دیکھا گیا لیکن ایک بار پھر ان کی ایک ایسی ہی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف شدید کمر درد کے باعث مختلف مقدمات میں عدالتوں میں پیش نہیں ہو سکے تھے اور گزشتہ سال وہ اسی کمر درد کا علاج کرانے بیرون ملک گئے تھے۔ لیکن جس طرح سے وہ رقص کرتے ہیں انہیں دیکھ کر یوں ہی لگتا ہے کہ شاید کمر درد کے علاج کیلئے ڈاکٹر کی نہیں بلکہ رقص کی ضرورت ہوتی ہے۔