ملتان کے شہریوں کا سستی اور آرام دہ نئی میٹرو بس سروس شروع کرنے پر خوشی کا اظہار

منگل 24 جنوری 2017 19:25

اسلام آباد/ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) ملتان کے شہریوں نے سستی اور آرام دہ نئی میٹرو بس سروس شروع کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو ملتان کے شہریوں نے بڑی تعداد میں طویل انتظار کے بعد حاصل ہونے والی اس سروس میں سفر کیا۔ میٹرو ٹریک کو خوبصورت غباروں اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا جبکہ وزیراعظم کیلئے ملتان کے شہریوں کو تیز رفتار اور آرام دہ بس سروس کی فراہمی پر شکریہ اور ملتان آمد پر خیرمقدمی بینرز بھی آویزاں کئے گئے تھے۔

بس سروس کے آغاز پر فیملیوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں سٹیشنوں کا دورہ کیا اور اس منصوبہ کو سراہا۔ اقبال رائو نے میٹرو بس سروس کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ تین گاڑیاں بدل کر اپنی ملازمت کیلئے جاتا تھا اب اسے مشکلات کے بغیر کم کرائے میں اپنی منزل تک جانے اور آنے کی سہولت میسر آئے گی۔

(جاری ہے)

طالب علم عدنان عثمان نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ کی پہلی بس پر سفر کرنے کیلئے ہر کوئی بے تاب ہے اور وہ سب سے پہلے ٹکٹ لینے کا خواہشمند ہے جو کہ اس منصوبہ پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔

ایک گھریلو خاتون شمسہ یاسر نے کہا کہ میں اپنے تمام فیملی ممبران کے ساتھ میٹرو سٹیشن پر موجود ہوں، خاندان کے افراد نے یہاں پر سیلفیاں بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس خوشحالی کے نئے راستے کھولے گی جبکہ مسافروں کو آسانی سے ان کی منزل پر بغیر وقت ضائع کئے سستے کرائے میں پہنچنے میں آسانی ہو گی۔ میٹرو بس سروس کا دورہ کرنے والے ایک اور شہری جاوید بشیر نے کہا کہ میٹرو بس سروس کا آغاز بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

کسی بھی علاقہ کی تیز رفتار اقتصادی ترقی کیلئے بہترین شاہراہیں اور ایک مضبوط ٹرانسپورٹ کا نظام اہمیت کا حامل ہے۔ نوجوان طالبہ فاطمہ دانش نے کہا کہ میٹرو بس سروس سستی اور آرام دہ سفری سہولیات سے مزین ہے جس سے ملتان کے طالب علم خصوصی طور پر مستفید ہوں گے۔ یہ حکومت کی جانب سے عوام بالخصوص طالب علموں کیلئے ایک بڑی سہولت ہے۔ علی طاہر نے کہا کہ میٹرو بس سروس ملتان کے شہریوں کیلئے ایک تحفہ ہے۔

متعلقہ عنوان :