ملتان میٹرو بس منصوبہ کی تکمیل سے جنوبی پنجاب میں محفوظ، باوقار اور تیز رفتار ٹرانسپورٹ کلچر متعارف ہوا ہے، اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے 755ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے،خلیل طاہر سندھو

منگل 24 جنوری 2017 19:12

ملتان میٹرو بس منصوبہ کی تکمیل سے جنوبی پنجاب میں محفوظ، باوقار اور ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے ملتان میٹرو بس منصوبے کے افتتاح پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وعدہ کی تکمیل سے ملتان اور جنوبی پنجاب کے شہریوں کیلئے محفوظ،تیز رفتار اور باکفایت سفر کا باوقار ٹرانسپورٹ کلچر متعارف ہو ا ہے،حکومت پنجاب عام آدمی کی فلاح و بہبود ،مساوی انسانی حقوق کے تحفظ،امن،رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بھر پور اقدامات عمل میں لا رہی ہے، محکمہ انسانی حقوق واقلیتی امور کے تعینات کردہ ہیومن رائٹس ڈیفنڈرز کسی بھی ظلم و زیادتی اورناانصافی کے شکارافراد کو تمام اضلاع میںمفت قانونی امداد کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں،بین الاعقائد کمیٹیوںاوراقلیتی مشاورتی کونسلز میں تمام مذاہب کے رہنمائوں کو شامل کرنے سے صوبہ میں امن کے قیام کے حوالے سے نتائج سامنے آئے ہیں، انہوں نے یہ بات منگل کو پنجاب اسمبلی چیمبر میں ملاقات کرنے والے اقلیتی ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، شہزاد منشی،طارق گل،کانجی رام اور دیگر اراکین اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے،خلیل طاہر سندھو نے اراکین اسمبلی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کیلئے انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016-17میں 755ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے،25 ملین روپے اقلیتی طلبا ء و طالبات کو تعلیمی وظائف کی فراہمی، 12ملین روپے ہیومن رائٹس آگاہی مہم جس کا آغاز گذشتہ دسمبر میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ڈے کے موقع پر ہو چکا ہے،کیلئے رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اقلیتی امور نے بتایا کہ اقلیتوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے تمام سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے اور پولیس فورس میں سب انسپکٹر اور عدالتوں میں سول و ایڈیشنل سیشن ججز جیسے اعلیٰ عہدوں پر اقلیتوں کو ملازمتیں فراہم کی جا رہی ہیں،اقلیتی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے فنی تربیت کی فراہمی کے اداروں کے تعاون سے تین سے چھ ماہ پر مشتمل مفت سکلز ٹریننگ کورسزباقاعدگی سے کروائے جاتے ہیں جن میںکشیدہ کاری،گرافکس اینڈ فیشن ڈیزائننگ،انڈسٹریل سلائی کڑھائی،کھانا پکانا،بیوٹیشن،ویب ڈیزائننگ،کمپیوٹر آپریٹر اور دیگر فنون شامل ہیں، خلیل طاہر سندھو نے بتایا کہ اقلیتوں کی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سکیموں کیلئے 705ملین، ریلوے روڈ ننکانہ صاحب کی بحالی کیلئے 30ملین،گردوارہ جنم استھان سے ملحقہ گلیوں کے نکاسی آب اور پختہ کروانے کیلئے 20ملین روپے جبکہ سرکاری اداروں کے ملازمین کو انسانی حقوق کے کنونشنز کی آگاہی بذریعہ سیمینارز و ٹریننگ کیلئے آٹھ ملین روپے رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں مختص کئے گئے ہیں۔