سپریم کورٹ نے ملک بھر میں فروخت ہونے والے تمام برانڈز کے کوکنگ آئل اور گھی کی کوالٹی پررپورٹ 10 روز میں طلب کرلی

غیرمعیاری گھی کے استعمال سے دل کے امراض بڑھ رہے ہیں ،ْ ٹیٹرا پیک، پلاسٹک پائوچ اورپلاسٹک کی پانی کی بوتلوں پر بھی نوٹس لیں گے ،ْ عدالت عظمیٰ زمینی حقائق بتائیں ،ْرپورٹس والی تھیوری نہ بتائیں ،ْاداروں پربھروسہ ہے مگر انسانی حقوق کے خلاف ورزی برادشت نہیں ہوگی ،ْچیف جسٹس

منگل 24 جنوری 2017 16:11

سپریم کورٹ نے ملک بھر میں فروخت ہونے والے تمام برانڈز کے کوکنگ آئل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2017ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملک بھر میں فروخت ہونے والے تمام برانڈز کے کوکنگ آئل اور گھی کی کوالٹی پررپورٹ 10 روز میں طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرمعیاری گھی کے استعمال سے بچوں میں دل کے امراض بڑھ رہے ہیں ،ْ ٹیٹرا پیک، پلاسٹک پائوچ اورپلاسٹک کی پانی کی بوتلوں پر بھی نوٹس لیں گے۔

منگل کو غیرمعیاری گھی اور تیل کی فروخت کیخلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی، یوٹیلٹی اسٹورز کے وکیل مصطفی رمدے نے یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب گھی اورتیل کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ زمینی حقائق بتائیں، رپورٹس والی تھیوری نہ بتائیں، اداروں پربھروسہ ہے مگر انسانی حقوق کے خلاف ورزی برادشت نہیں ہوگی،کوالٹی کنٹرول کی رپورٹ آنے کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب گھی اور تیل سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہاکہ ڈاکٹروں کے ایک وفد نے بتایا تھا کہ غیرمعیاری گھی کے استعمال سے بچوں میں دل کے امراض بڑھ رہے ہیں، جب تک تسلی نہیں ہوجاتی تب تک یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی اورتیل کی فروخت روکی جائے۔جسٹس مقبول باقر نے استفسار کیا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پرغیرمعیاری برانڈز کیوں فروخت کیے جارہے ہیں ،ْسنی بناسپتی، انمول گھی، شمع تیل اورراج بناسپتی، یہ سب کہاں فروخت ہوتے ہیں یوٹیلٹی اسٹورز کے وکیل نے کہا کہ چھوٹے شہروں کے رہائشی ان برانڈز کے گھی اور تیل خریدتے ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ ملک بھرمیں فروخت ہونے والے تمام برانڈز کے گھی اور تیل کی کوالٹی اور ٹیسٹنگ لیبارٹریزکی تعداد اور استطاعت سے متعلق رپورٹ 10 روز میں پیش کی جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہاکہ سنا ہے نمک کی قسم اجینو موتو انسانی صحت کیلئے شدید نقصان دہ ہے، اس کے استعمال سے دل کے امراض اوربلڈ پریشرسمیت الرجی میں اضافہ ہوا، پاکستان کوالٹی کنٹرول ریسرچ اجینو موتو سے متعلق رپورٹ جمع کرائے۔چیف جسٹس نے کہا کہ ٹیٹرا پیک، پلاسٹک پائوچ اورپلاسٹک کی پانی کی بوتلوں پر بھی نوٹس لیں گے، پلاسٹک کی بوتلیں دھوپ میں پڑی رہتی ہیں تو مضرصحت ہوجاتی ہیں۔بعد ازاں عدالت نے سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :