سمجھ بوجھ نہ رکھنے والے دھرنوں کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں‘وزیراعظم

دنیا کوجلد پتہ چلے گا دوسروں کو گالیاں دینے والے شخص کا اپنا کردار کس طرح کا ہے سیاستدان صرف تقریروں اور کھانوں اور ناشتوں کیلئے نہیں ہوتے، اب سیاست بدل چکی ہے ،ْ جو کام کرے گا وہی رکے گا ،ْکسی نے نیا پاکستان دیکھنا ہے تو ملتان آ جائے ،ْ میٹرو کا جال جتنا پھیلے گا، عوام کو اتنی ہی سہولیات میسر آئیں گی ،ْرواں سال 10 ہزار میگاواٹ بجلی ہمارے سسٹم میں داخل ہوگی ،ْاگلے سال لوڈشیڈنگ زیرو ہوگی ،ْجلد ہی ملتان میں نیشنل ہیلتھ انشورنس اسکیم آنے والی ہے جس سے غریبوں کے علاج معالجے میں مدد ہوسکے گی ،ْنواز شریف کا میٹرو بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 24 جنوری 2017 14:54

سمجھ بوجھ نہ رکھنے والے دھرنوں کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں‘وزیراعظم
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2017ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ الزامات لگانے والوں کے اپنے معاملات الجھے ہوئے ہیں ،ْ دنیا کوجلد پتہ چلے گا کہ دوسروں کو گالیاں دینے والے شخص کا اپنا کردار کس طرح کا ہے ،ْترقی کی سمجھ بوجھ نہ رکھنے والے دھرنوں کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں ،ْسیاستدان صرف تقریروں اور کھانوں اور ناشتوں کیلئے نہیں ہوتے، اب سیاست بدل چکی ہے ،ْ جو کام کرے گا وہی رکے گا ،ْکسی نے نیا پاکستان دیکھنا ہے تو ملتان آ جائے ،ْ میٹرو کا جال جتنا پھیلے گا، عوام کو اتنی ہی سہولیات میسر آئیں گی ،ْرواں سال 10 ہزار میگاواٹ بجلی ہمارے سسٹم میں داخل ہوگی ،ْاگلے سال لوڈشیڈنگ زیرو ہوگی ،ْجلد ہی ملتان میں نیشنل ہیلتھ انشورنس اسکیم آنے والی ہے جس سے غریبوں کے علاج معالجے میں مدد ہوسکے گی۔

(جاری ہے)

منگل کو ملتان میٹرو بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ ہم کوئی سیاست کرنے کیلئے نہیں آئے بلکہ ملتان کی عوام کی خدمت کیلئے اور آپ کو آپ کا حق میٹرو کا تحفہ دینے آئے ہیں۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ میں ملتان کی عوام کو اور شہباز شریف کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں ،ْ جنہوں نے کم سے کم وقت میں اس منصوبے کو مکمل کیا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ ملتان کی شکل تبدیل ہورہی ہے ، میٹروسے پہلے شہریوں کو سفرکرنے میں مشکلات کا سامنا تھا ،ْنواز شریف نے کہاکہ میٹرو بننے سے قبل طالب علم، نوجوان اور غریب افراد کتنی مشکل سے سفر کرتے تھے اور کتنا کرایہ دے کر جاتے تھے، ہمیں اس بارے میں سوچنا چاہیے ،ْ ٹرانسپورٹ عوام کے لئے ایک بہترین سہولت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ میٹرو کا جال جتنا پھیلے گا، عوام کو اتنی ہی سہولیات میسر آئیں گی۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ لوگ کہتے رہے کہ نیا پاکستان بنائیں گے، نیاپاکستان کہاں ہی کسی نے نیا پاکستان دیکھناہے توملتان آجائے۔انہوںنے کہاکہ ملتان کے جدید اور قدیم حصے مل رہے ہیں، جنوبی پنجاب کے اس اہم شہر کو خوبصورت بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔موٹر وے لاہور پر جاری ترقیاتی کام سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ موٹروے 1999 میں لاہور تک رک گئی تھی اور وہیں رکی ہوئی تھی لیکن اب اس موٹرووے کا کام شروع ہوچکا ہے اور وہ بہت جلد ملتان پہنچنے والی ہے۔

وزیر اعظم نے ملتان کے شہریوں کو پنڈی بھٹیاں سے بھی ایک ایکسریس وے کے ملتان پہنچنے کی خوشخبری سنائی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ جنہیں ترقی کی سوجھ بوجھ نہیں وہ ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، دھرنے کرتے ہیں اور الزامات لگاتے ہیںان کے سارے کچے چٹھے قوم کے سامنے آئیں گے،گالیاں نکالنے والے شخص کے اپنے معاملات بھی جلد سب کے سامنے آجائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ الزامات کا سر پاؤں سمجھ نہیں آتا ،ْان کے اپنے معاملات الجھے ہوئے ہیں اور دنیا کو پتہ چلے گا کہ دوسروں کو گالیاں دینے والے شخص کا اپنا کردار کس طرح کا ہے ملک میں توانائی کے بحران کی بہتر ہوتی صورتحال پر بات کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ مجھے امید ہے اس سال 10 ہزار میگاواٹ بجلی ہمارے سسٹم میں داخل ہوگی، جب سے پاکستان بنا ہے 15 ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی نہیں بنائی گئی لیکن تین سال کی محنت کے بعد ہم اس سال سسٹم میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کریں گے۔

نواز شریف نے ماضی کی ابتر صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2013 سے پہلے لوڈ شیڈنگ بے قابو تھی اور ایسا لگتا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھتے بڑھتے 24 گھنٹوں تک پہنچ جائیگا لیکن آج آپ خود دیکھ لیں کہ کیا صورتحال ہے وزیر اعظم نے کہاکہ اگلے سال زیرو لوڈ شیدنگ ہوگی۔ نوازشریف نے کہاکہ حکومتوں کا یہ کام نہیں کہ صرف باتیں کریں اور عوام کو دھرنوں میں لگادیا جائے وزیر اعظم نے ملتان کے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا کہ جلد ہی ملتان میں نیشنل ہیلتھ انشورنس اسکیم آنے والی ہے جس سے غریبوں کے علاج معالجے میں مدد ہوسکے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ سیاستدان صرف تقریروں اور کھانوں اور ناشتوں کے لیے نہیں ہوتے، اب سیاست بدل چکی ہے اور جو کام کرے گا وہی رکے گا۔ وزیر اعظم نے بلوچستان کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کو اس سے پہلے کبھی اتنی توجہ نہیں دی گئی،بلوچستان میں بھی سڑکوں کا جال بن رہاہے ،ْپاورپلانٹ ،سڑکیں سب کچھ بلوچستان میں بن رہاہے۔اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف کی سربراہی میں پاکستان نے جو بڑے بڑے منصوبے مکمل کیے وہ تاریخ کا حصہ ہیں اور ناقدین بھی آج میٹرو بس منصوبے کی تعریف کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جہاں ذرائع مواصلات جدید ہوتے ہیں، ملتان میں منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور میں کوشش کروں گے کہ اگلے الیکشن سے قبل اس کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوجائے۔انہوں نے دھرنا کرنے والی سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دو تین سال میں پاکستان کی قسمت کو کھوٹا اور پاکستان کا دھڑن تختہ کرنے کیلئے دھرنے دیئے گئے اور وقت ضائع ہوا، اگر یہ دھرنے نہ ہوتے تو ملتان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں جاری ترقیاتی منصوبے مکمل ہوگئے ہوتے۔

انہوںنے کہاکہ قرضے معاف کرنے والے احتساب کا مطالبہ کرتے ہیں،اب تک کیے گئے کاروبار اور تمام عہدوں کے باوجود وزیراعظم نوازشریف نے ایک ڈھیلے کی کرپشن کی ہو تو میں اس کا ذمہ دار ہوں۔ انہوں نے ملک بھر سے وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں متحد ہونے کی درخواست کی۔