Live Updates

پاکستان کا دھڑن تختہ کرنے والوں کے دھرنے دفن ہوگئے، شہبازشریف

ملک کی دولت پر ہاتھ صاف کیا گیا اورکوئی پوچھنے والا نہیں، 7 ملین ڈالرزسوئس بینکوں میں پڑے ہیں، مخالفین نے الزامات کی فیکٹریاں لگا رکھی ہیں اورنج لائن پر تنقید کی جارہی ہے ، ملتان میٹرومنصوبہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، میٹرو پرتنقید کرنے والوں کے تمام شک دور ہوگئے ، 7 ملین ڈالرزسوئس بینکوں میں پڑے پکار پکار کرکہہ رہے ہیں کہ پاکستانیوں آکر لے جاؤ وہ تمہارا پیسا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کاتقریب سے خطاب

منگل 24 جنوری 2017 14:41

پاکستان کا دھڑن تختہ کرنے والوں کے دھرنے دفن ہوگئے، شہبازشریف
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے کے ذریعے پاکستان کا دھڑن تختہ کرنے والوں کے دھرنے دفن ہوچکے ہیں۔ ملتان میں میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف وہ لیڈر ہیں جس نے اپنے ادوار میں تمام صوبوں میں ترقی کے مینار قائم کیے، ان کی سربراہی میں پاکستان نے بڑے بڑے منصوبے مکمل کیے۔

وزیراعظم نے کراچی کے لیے گرین لائن منصوبہ دیا، گرین لائن منصوبے کے لیے 100 فیصد فنڈز وفاقی حکومت دے رہی ہے، کوئٹہ اور کراچی کو سرکلر ریلوے دے رہے ہیں، بجلی کے منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے اور ملک کے حالات اور امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے کی وجہ سے بیرون ملک سے سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کررہے ہیں اور دوسری جانب مخالفین نے الزامات کی فیکٹریاں لگا رکھی ہیں اورنج لائن پربھی تنقید کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جہاں ذرائع مواصلات جدید ہوتے ہیں، ملتان میٹرومنصوبہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، معیار کے اعتبار سے ملتان میٹرو لاہور میٹرو سے زیادہ بہترہے جس کے لئے ساڑھے 4 ارب روپے میں زمین لی گئی اورمنصوبے پر28 ارب خرچ ہوئے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میٹرو پرتنقید کرنے والوں کے تمام شک آج دور ہوگئے اور دھرنے کے ذریعے پاکستان کا دھڑن تختہ کرنے والوں کے دھرنے بھی دفن ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی دولت پر ہاتھ صاف کیا گیا اورکوئی پوچھنے والا نہیں، 7 ملین ڈالرزسوئس بینکوں میں پڑے ہیں اور وہ پیسے پکار پکار کرکہہ رہے ہیں کہ پاکستانیوں آکر لے جاؤ وہ تمہارا پیسا ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات