پنجاب بھر میں پنجم و ہشتم کے امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کر نے کی ہدایت

منگل 24 جنوری 2017 14:19

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) حکومتی ہدایات کی روشنی میں پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے زیر اہتمام 2 فروری سے صوبہ بھر میں شروع ہونے والے کلاس پنجم اور11 فروری سے شروع ہونے والے کلاس ہشتم کے سالانہ امتحانات کے سلسلہ میں قائم کئے گئے تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کر نے کی ہد ایت کر دی گئی ہے جبکہ فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت پنجاب بھر کے تمام 36اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے اس ضمن میں جاری کئے گئے حکم نامہ میں کہاگیا ہے کہ تمام گرلز و بوائز امتحانی مراکز کی 100گز کی حدود میں کسی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہ ہوگی جبکہ امتحان دینے والے رول نمبر سلپوں کے حامل طلباء و طالبات دوران پرچہ موبائل فونز،کتب،گائیڈز،ڈیجیٹل ڈائریز،خلاصے، حل شدہ پرچہ جات یادیگر کوئی ایسا مواد جو پرچہ حل کرنے میں مددگار ثابت ہوہر گز ساتھ نہیں لا سکیں گے۔

(جاری ہے)

حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ طلباء و طالبات کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ مزید برآں سیکرٹری ایجوکیشن سکولز پنجاب کی جانب سے تمام متعلقہ حکام پر واضح کیا گیا ہے کہ امتحان کے دوران بوٹی مافیا سمیت کسی قسم کی شکایت ، بے قاعدگی ، بد عنوانی ، لاپرواہی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جا ئے گا۔

متعلقہ عنوان :