گلگت بلتستان ملک کے دیگر علاقوں کے لئے ایک رول ماڈل ہے‘اقبال حسن

منگل 24 جنوری 2017 13:16

گلگت بلتستان ملک کے دیگر علاقوں کے لئے ایک رول ماڈل ہے‘اقبال حسن
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء)صو با ئی وزیر اطلاعات ، منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن نے کہا ہے کہ پارا چنار سانحہ ملک دشمن قوتوں کی کارستانی ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ان چند بچے کچھے ملک دشمن عناصر کو بھی بہت جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔’’ اے پی پی ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے پاکستان کی عوام کا حوصلہ ہر گز پست نہیں کیا جاسکتا ہے، گلگت بلتستان میں بھی عوام آپس میں اتحاد کے ذریعے ملک مخالف عناصر کی سازشوں کو ناکام بنا رہے ہیں اور ان کو ادراک ہے کہ امن کا قیام دور حاضر کی ضرورت ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان اب بھی ملک کے دیگر علاقوں کے لئے ایک رول ماڈل ہے جہاں ہم آہنگی اور امن و محبت کا ماحول سب لوگوں کے لئے قابل تقلید ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت نے قیام امن کے لئے بھرپور کوششیں کی ہیں جس کا نتیجہ آج دیرپا اور مکمل امن کی صورت میں سب کے سامنے ہے۔ خطہ آنے والے دنوں میں ترقی کے مدارج طے کرے گا ۔ دیامر بھاشہ ڈیم، بونجی ڈیم او ر اکنامک زون کے قیام کے بعد یہ خطے دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خطے میں کاروبار کے لیئے مواقع بڑھ جانے کے بعد یہاں ملکی اور غیر ملکی کمپنیز سرمایہ کاری کریں گی جس سے نوجوان اور پڑھی لکھی نسل کو روزگار کے وسیع مواقع بھی میسر ہونگے۔