Live Updates

وزیراعظم نے خود کو خاندان سمیت احتساب کے لئے پیش کیا،عمران خان اور جہانگیر ترین الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں استثنا مانگ رہے ہیں،عدالت میں شعر نہیں ثبوت پیش کرنا ہوتے ہیں،دانیال عزیز

منگل 24 جنوری 2017 12:41

وزیراعظم نے خود کو خاندان سمیت احتساب کے لئے پیش کیا،عمران خان اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں استثنا مانگ رہے ہیں ، وزیراعظم محمد نواز شریف نے خود کو اپنے خاندان سمیت احتساب کے لئے پیش کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان نے میڈیا پر کہا ہے کہ ان کے کیس میں حکم امتناعی جاری ہو چکا ہے لیکن وہ جھوٹ بول رہے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ اگر حکم امتناعی جاری ہو چکا ہے تو اسے عدالت کے سامنے پیش کریں۔انھوں نے کہا کہ ہائی کورٹ نی 6 ماہ بعد بینچ تشکیل دیا ہے اور عمران خان اس کے سامنے پیش نہیں ہو رہے۔ دانیال عزیز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی تلاشی کا وقت آگیا ہے اب آپ کی دائیں اور بائیں جیبوں سے سب کچھ نکلے گا اور ہمیں معلوم ہے آپ کی جیبوں میں کیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف تیسری مرتبہ منتخب ہونے والے وزیر اعظم ہیں جبکہ آپ کو عوام نے ضمنی ،میونسپل،بلدیاتی، کشمیر اور گلگت بلتستان کے انتخابات مین مسترد کر دیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ عمران خان عدالت میں شعر سناتے ہیں، عدالت میں شعر نہیں ثبوت پیش کرنا ہوتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں استثنا مانگ رہے ہین جبکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے خود کو اپنے خاندان سمیت احتساب کے لئے پیش کر دیا ہے ۔ دانیال عزیز نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں انصاف کی بات کرنے والے عمران خان آج تک جنرل(ر) حامد کی جگہ نیا عہدیدار تعینات نہیں کر سکے۔انھوں نے کہا عمران خان آپ احتساب سے بھاگ رہے ہیں ہم آپ کو احتساب پیش کرنے کے لئے لائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات