وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملتان میٹرو بس سروس کا افتتاح کردیا

28 ارب 88 کروڑ روپے لاگت سے مکمل ہونے والی سروس 25 تعلیمی اداروں، 15 ہسپتالوں اورمتعدد مارکیٹوں کو ملائے گی

منگل 24 جنوری 2017 12:04

وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملتان میٹرو بس سروس کا افتتاح کردیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے 18 کلو میٹر ملتان میٹرو بس سروس کا افتتاح کردیا۔ منگل کو وزیراعظم نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور دیگر کے ہمراہ ملتان میٹرو بس سروس کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملتان میٹرو بس سٹاپ چونگی نمبر 9 کا دورہ کیا۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے میٹرو بس سروس پر سفر کر کے سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیرقانون پنجاب رانا ثناء الله اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میٹرو بس ملتان میں 95 ہزار افراد روزانہ بہترین سفری سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے، 18 کلو میٹر طویل میٹرو بس سروس پر 21 اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ہر 700 میٹر کے بعد بس سٹاپ بنایا گیا ہے، یہاں پر ای ٹکٹنگ کا نظام رائج ہوگا جبکہ اس کا کرایہ سستا ترین ہوگا۔

(جاری ہے)

میٹرو بس ملتان میں 25 تعلیمی اداروں، 15 ہسپتالوں اورمتعدد مارکیٹوں کو ملائے گی۔ خواتین اور معذور افراد کے لئے اس میں مخصوص نشستیں ہوں گی۔ میٹرو بس سروس بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی سے شروع ہو کر بوسن روڈ، ہمایوں روڈ، دولت گیٹ، حافظ جمال روڈ، بی سی جی چوک، وہاڑی روڈ سے ہوتا ہوا چوک کمہاراں پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس منصوبے پر 28 ارب 88 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ اس منصوبے کے لئے 265 کنال اراضی خریدی گئی۔ ابتدائی طور پر 35 بسیں مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کریں گی۔