گالیاں دینے والے شخص کے سارے کچے چٹھے جلد قوم کے سامنے آئیں گے۔ جن لوگوں کو ترقی کی سوجھ بوجھ نہیں وہ ملک میں ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، کبھی دھرنے دے دیتے ہیں تو کبھی الزامات لگاتے ہیں-وزیراعظم نوازشریف کا ملتان میں میٹرو بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 جنوری 2017 11:32

گالیاں دینے والے شخص کے سارے کچے چٹھے جلد قوم کے سامنے آئیں گے۔ جن لوگوں ..

ملتان(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24جنوری۔2017ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہاہے کہ گالیاں دینے والے شخص کے سارے کچے چٹھے جلد قوم کے سامنے آئیں گے۔ جن لوگوں کو ترقی کی سوجھ بوجھ نہیں وہ ملک میں ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، کبھی دھرنے دے دیتے ہیں تو کبھی الزامات لگاتے ہیں تاہم ان کے اپنے الزامات کا سر پاو¿ں سمجھ نہیں آتا،ملتان میں میٹروبس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ان کے اپنے معاملات الجھے ہوئے ہیں، ایک دن ان کے اپنے معاملات سامنے آئیں گے اور دنیا کو پتہ چلے گا کہ دوسروں کو گالیاں دینے والے شخص کا اپنا کردار کس طرح کا ہے، آئندہ آنے والے وقت میں ان کے سارے کچے چٹھے قوم کے سامنے آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم یہاں سیاست کرنے، کسی دھرنے اور کسی ترقی کا راستہ روکنے یا قوم کا وقت ضائع کرنے نہیں آئے بلکہ میٹرو کا تحفہ دینے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ بڑے بڑے دعوے کیے گئے تھے کہ نیا پاکستان بن رہا ہے لیکن نیا پاکستان کہاں ہے، کسی کو نیا پاکستان دیکھنا ہے تو وہ ملتان آکر دیکھے، ملتان کا نقشہ اور قسمت تبدیل ہورہی ہے، اس وقت بلوچستان میں سڑکوں کا جال بن رہا ہے، گوادر کی بندر گاہ بن رہی ہے آج تک کسی نے یہاں اتنی توجہ نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے 15 ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی ہمارے سسٹم میں نہیں آئی لیکن اس سال 10 ہزار میگا واٹ ہمارے سسٹم میں شامل ہوگی، 2013 میں لوڈشیڈنگ کیا حال تھا لیکن آج اس میں کمی ہوئی ہے اور اگلے سال لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائی گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ملتان کسی تخریب کاری کیلئے نہیں آئے نہ کسی کو گمراہ کرنے آئے ہیں بلکہ سفر کی بہترین سہولیات فراہم کرکے عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں - وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج ملتان کے عوام کو ان کا حق دینے کیلئے آیا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے دن رات ایک کر کے اس پراجیکٹ کو مکمل کیا گیا ، ایک حلقے کی جانب سے اس سروس کا کرایہ بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی مگر حکومت کی جانب سے یہ تجویز مسترد کر دی گئی ، وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے پاس وسائل کم ہیں لیکن اس کے باوجود ہم نے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات فراہم کیں اور ان کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ملتان میں جاری ترقی کا سفر روکنے نہیں آئے ، اس منصوبے کا سب سے بڑا فائدہ طلبہ کو ہوا ہے جن کو اب آمد و رفت کی بہترین اور سستی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان کا نقشہ بدل رہا ہے ، مخالفین نے صرف نیا پاکستان بنانے کے دعوے کئے ہم نے نیا پاکستان بنا کر دکھایا ، کسی نے اگر نیا پاکستان دیکھنا ہے تو ملتان آجائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ منصوبے کی تیزرفتاری سے تکمیل پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشکور ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں کی سیاست دفن ہوگئی ہے ، ماضی میں قومی دولت کو لوٹا گیا ، آج قرضے معاف کرانیوالے کہہ رہے ہیں کہ احتساب ہونا چاہیئے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کراچی کے لوگوں کو بھی گرین بس کا تحفہ دیا ، ہمارے شروع کئے گئے منصوبوں میں اگر ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو میں ذمہ دار ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست کرنے والے ملک کا دھڑن تختہ کرنا چاہتے ہیں ، شہباز شریف نے کہا کہ ملتان کی میٹرو بس کوالٹی کے اعتبار سے لاہور کی بس سے بہت بہتر ہے لیکن اس کے باوجود مخالفین نے الزامات لگانے کی فیکٹریاں لگا رکھی ہیں ، تقریب میں جاوید ہاشمی کو شریک دیکھ کر شہباز شریف خوش ہوئے اور کہا کہ جاوید ہاشمی آج تقریب میں شریک ہوئے اس بات کی دلی خوشی ہے۔

قبل ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے لاہور اور راولپنڈی اسلام آباد کے بعد ملتان میں بھی میٹرو بس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ملتان میں میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم نواز شریف تھے جب کہ ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ بھی تھے۔ لاہور اور راولپنڈی کے بعد اب ملتان کے شہریوں کو بھی سستی سفری سہولیات دینے کے لیے میٹروبس چلائی جارہی ہے ، شہری اب تیز رفتار ، ایئر کنڈیشنڈ بسوں میں صرف 20 روپے میں سفر کریں گے۔

18 اعشاریہ 5 کلومیٹر طویل اور 9 میٹر چوڑا ، بہاو الدین زکریا یونیورسٹی سے شروع ہونے والا یہ روٹ ، بوسن روڈ ، ہمایوں روڈ ، دولت گیٹ ، حافظ جمال روڈ ، بی۔ سی۔ جی چوک ، وہاڑی روڈ سے ہوتا ہوا چوک کمہاراں پر ختم ہوتا ہے جس کے لئے 21 اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں 14 فلائی اوررز پر جبکہ 7 زمینی ہیں۔ٹیکنیکل ایڈوائزر میٹرو پراجیکٹ ملتان ، صابر خان سدوزئی کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ میں ساڑھے 12 کلومیٹر لمبا پل بھی شامل ہے جبکہ لاہور اور اسلام آباد کے پلوں کی لمبائی 8 کلومیٹر ہے اور کونٹم آف ورک زیادہ ہے -میٹرو روٹ کے ارد گرد سو کے قریب سرکاری و نجی تعلیمی ادارے جبکہ دفاتر بھی موجود ہیں 28 ارب 88 کروڑ کی لاگت سے تیار ہونے والے اس منصوبے کے ٹریک اور بس ڈپو کے لئے مجموعی طور پر 265 کینال اراضی خریدی گئی۔

میٹرو روٹ کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جو شام کے وقت بہت دلکش نظارہ پیش کرتا ہے۔ میٹرو پراجیکٹ کی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ مکمل ہونے والے پہلے فیز میں چلنے والی 35 بسوں میں روزانہ 95 ہزار سے زائد افراد سفری سہولیات حاصل کر سکیں گے۔