ٹرمپ نے پاکستان ،افغانستان اور مقبوضہ کشمیر بارے اپنی پالیسی واضح نہیں کی،سابق سفیر رستم شاہ مہمند

منگل 24 جنوری 2017 11:20

ٹرمپ نے پاکستان ،افغانستان اور مقبوضہ کشمیر بارے اپنی پالیسی واضح ..
اسلام آباد 24جنوری (اے پی پی( سابق سفیر رستم شاہ مہمند نے کہا ہے کہا نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی طرح بہت سے عالمی مسائل کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کا اظہار کیا ہے،کشمیر کے بارے میں ان کی پالیسی واضح نہیں۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امریکا کے صدر موسمیاتی تبدیلیوں اور ایران کے جوہری معاہدے سمیت دیگر امور پر اپنے خیالات کا اظہار کر چکے ہیں تاہم انھوں نے برصغیر میں پاکستان ،افغانستان اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح نہیں کی۔

رستم شاہ نے کہا کہ امریکی صدر نے امریکی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں کامیابی کے حصول تک فوج رکھنا چاہتے ہیں ۔ سابق سفیر نے کہا کہ اگر امریکی افواج افغانستان میں رہیں گی تو پھر پاکستان سے بھی ڈومور کا مطالبہ کیا جاتا رہے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ امریکا گزشتہ پندرہ سال سے افغانستان میں کامیابی حاصل نہیں کر سکا اور مستقبل قریب میں بھی اس کی کامیابی نظر نہیں آتی ۔

پاکستان میں یو ایس ایڈ کے جاری پروگراموں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امریکی صدر کے تمام بیانات کے باوجود پاکستان میں یو ایس ایڈ کے صحت اور ایجوکیشن کے پرگرام جاری رہیں گے کیوں کہ مذکورہ پروگراموں کو بند کرنے کے لئے امریکی صدر کو کانگرس سے منظوری لینا ہو گی اور وہ ایسا نہیں کر سکیں گے۔