وزیر اعلیٰ بلوچستان کا بارشوں سے جانی نقصان پراظہار افسوس،گھروں میں بارش کا پانی داخل ہونے کا نوٹس لے لیا

انتظامیہ کو صورتحال کی بہتری کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی

منگل 24 جنوری 2017 11:05

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا بارشوں سے جانی نقصان پراظہار افسوس،گھروں میں ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بارشوں سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گھروں میں بارش کا پانی داخل ہونے کا نوٹس لے لیا اور انتظامیہ کو صورتحال کی بہتری کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ۔پیر کو وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بارشوں سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو صورتحال کی بہتری کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کے نفاذ کی ہدایت کر دی ۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت دیگر مختلف حادثات میں 6افراد جاں بحق اور10زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

کوژک ، بولان ،لک پاس ،دشت اورزیارت میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔کوئٹہ کے علاقے سریاب ،کیچی بیگ، بروری، وحدت کالونی، سبزل روڈ، دیبہ اور قمبرانی کے علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔کوئٹہ کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ چمن کے علاقے میں ندی بہنے سے ایک شخص جاں بحق اور6زخمی ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہے گا ۔